ملک میں خوشی کی لہر واگھہ سرحد سے ابھینندن وطن واپس آئے

0
0

یواین آئی

واگھہ بارڈر، (امرتسر) فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان پاکستان کی حراست سے رہا ہونے کے بعد جمعہ کی شام ہندوستان واپس آگئے۔ پورے ملک میں اس پر خوشی منائی گئی۔واگھہ سرحد پر پاکستان کے فوجی حکام نے ونگ کمانڈر ابھینندن کو بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے حکام کو سونپا۔ ونگ کمانڈر نے نوبجکر 22منٹ پر ہندستانی حدود میں قدم رکھا اور بی ایس ایف کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ سنجیدہ نظر آرہے ونگ کمانڈر نے بی ایس ایف کے حکام سے ہاتھ ملایا۔اس کے بعد وہ انہیں لینے کیلئے آئے فضائیہ کے حکام کی ٹیم سے ملے اور انہیں طبی معائنہ کے لئے لے جایا گیا۔ فضائیہ کے ایک سینئر افسر نے کہاکہ انہیں فوری طورپر طبی معائنہ کے لئے لے جایا جارہا ہے۔ونگ کمانڈر ابھینندن کو پاکستانی حکام نے بدھ کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے حراست میں لے لیا تھا۔ ان کے جنگی طیارہ مگ۔21 کو اس وقت نقصان پہنچا تھا جب وہ ہندستانی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کرنے آئے پاکستانی فضائیہ کے جنگی طیارو ں کو کھدیڑ رہے تھے۔ طیارہ کو نقصان پہنچنے پر وہ پیراشوٹ سے اترتے ہوئے پاکستان کے قبضہ والے کشمیر میں پہنچ گئے تھے۔جمعرات کو ہندستان کی سفارتی کوششوں کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ انہیں جمعہ کو ہندستان کو سونپ دیا جائے گا۔ آج صبح سے ان کے ہندستان پہنچنے کا انتظار کیا جارہا تھا اور امید کی جارہی تھی کہ وہ دوپہر تک وطن واپس آجائیں گے لیکن پاکستانی حکام نے انہیں رات کو واگھہ سرحد سے اپنے وطن بھیجا۔ابھینندن کے استقبال کے لئے خاص طورپر اٹاری۔واگھہ بارڈ ر کا گیٹ کھولا گیا جہاں سے رات نو بجکر 20منٹ پر وہ ہندستانی سرحد میں داخل ہوئے۔اےئروائس چیف مارشل آر جی کے کپور نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ تقریباََ 60گھنٹے پاکستان میں رہنے کے بعد ونگ کماندر ابھینندن ہندستان واپس آئے ہیں۔ ونگ کمانڈر کو طبی معائنہ کے لئے آرمی کے اسپتال میں لے جایا جائے گا۔ اس کے بعد وہاں سے انہیں کنبہ سمیت اےئر بیس سے اےئرکرافٹ کے ذریعہ دہلی لے جایا جائے گا۔ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کی واگھہ سرحد سے ہندستان واپسی کے مدنظر انتظامات اور لوگوں کے جوش کے پیش نظر بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے واگھہ سرحد پر ہونے والے بیٹنگ ریٹریٹ پروگرام کو منسوخ کردیا۔ابھینندن کی واپسی پر خوشی میں مسحور ہزاروں لوگ واگھہ سرحد پر موجود تھے۔ لوگ زبردست جو ش و خروش میں ناچ گا رہے تھے۔ یہاں موجودلوگوں کا کہنا تھا کہ ریٹریٹ پروگرام منسوخ ہونے کا انہیں کوئی افسوس نہیں ہے اور وہ اپنے ملک کے ہیرو کو دیکھ کر ہی خوش ہوگئے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا