ایک ہفتہ قبل ٹرانسفارمر مرمت کرنے کیلئے اتارا تھا!محکمہ خصوصی توجہ دے
ظہیر عباس/وسیم حیدری
منڈی//تحصیل کمپلکس منڈی اور سب ضلع اسپتال منڈی میں قریباً ایک ہفتہ سے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے منڈی کی عوام نہایت دشواریوں کا سامنا کر رہی ہے – واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل تحصیل کمپلکس کی خاطر نصب کئے گئے ٹرانسفارمر کو مرمت کرنے کے لئے اتارا گیا تھا لیکن سات سے آٹھ روز گزر جانے کے باوجود ابھی تک اسے ٹھیک نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی اس کی جگہ کسی اور ٹرانسفارمر کو لگایا گیا جس کی وجہ سے عوام کے تمام دفتری کام کاج رک گئے ہیں – اگر بات کی جائے سب ضلع اسپتال منڈی کی تو اس عمارت کی خصوصی لائن کو بھی کچھ دنوں قبل ضرر پہنچا تھا اور اب تک اس کو بھی ٹھیک نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے رات کے عمل میں مریز اور ان کے ساتھ آنے والے افراد پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں – سماجی کارکن مولوی محمد فرید ملک نے اس سلسلہ میں لازوال سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں سب کام کاج آن لائن ہیں اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سب نظام درہم برہم ہو گیا ہے – ان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقہ جات سے لوگ منڈی تحصیل کمپلکس اپنے کام کے لئے پہنچتے ہیں لیکن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے – انہوں نے کہا کہ اسپتال میں بھی خصوصی لائن نہ ہونے کی وجہ سے مریز پریشان ہیں اور محکمہ کو ایسے حساس جگہوں کے لئے ہنگامی طور پر کام سرانجام دینا چاہیے تاکہ لوگ پریشانیوں سے دو چار نہ ہوں – رفیق مدنی سرپنچ بیدار نے بھی اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا ایک ہفتہ سے یہاں پہنچ کر مایوسی کا سامنا کرنا قابلِ افسوس ہے اور محکمہ بجلی کے اعلی آفیسران کو اس سلسلہ میں سست روی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے – ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تمام تر کام بجلی نہ ہونے کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں اور ایک ہفتہ سے لوگ منڈی پہنچ کر صرف بجلی کا انتظار کرتے ہیں – انہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ اور محکمہ بجلی کے ایکس ای این سے اپیل کی کہ جلد ہی کمپلکس کے ٹرانسفارمر کو ٹھیک کر کے لگایا جائے تاکہ بجلی بحال ہو اور لوگوں کے رکے کام کاج میں حرکت آئے –
a