یواین آئی
سرینگرہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر وادی کے تمام سرکاری ہسپتال عمارتوں کی چھتوں پر ریڈ کراس نشانیاں ثبت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سری نگر میں واقع شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال)ایس ایم ایچ ایس(کے ایک عہدیدار نے یواین آئی کو بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بیچ ہمیں ہسپتال عمارتوں کی چھتوں پر ریڈکراس نشانات ثبت کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے دیگر ضلعی وسب ضلعی سرکاری ہسپتالوں کے نام بھی یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتے حکام نے وادی کے تمام چیف میڈیکل آفیسروں کے نام ریجنل ڈرگس ویر جی ایم سی بمنہ سری نگر سے ادویات وغیرہ کی سپلائی حاصل کرنے کے ہدایات جاری کئے تھے۔ دریں اثنا شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر نے منگل کے روز ہسپتال کے عملے کی سرمائی تعطیلات کے دوسرے حصے کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اگرچہ انسٹی چیوٹ نے چھٹیاں منسوخ کرنے کے وجوہات ظاہر نہیں کئے ہیں تاہم بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی ہی اس فیصلے کا سبب ہے۔