امت شاہ کا دورہ جموں

0
0

بھاجپا بوتھ انچارجوں کی ریلی سے خطاب کریں گے
یواین آئی

جموںبھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ اتوار کو دو روزہ دورے پر جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں پہنچیں گے۔بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے یو این آئی کو بتایا کہ امت شاہ بھگوتی نگر میں واقع جے ڈی اے پارک میں بوتھ انچارجوں کی ایک ریلی سے خطاب کرنے کے علاوہ 14 فروری کو ضلع پلوامہ میں ہوئے آئی ای ڈی دھماکہ میں جاں بحق ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔بی جے پی نے پارٹی صدر کے دورے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ مسٹر امت شاہ کی آمد سے قبل مندروں کا شہر کہلائے جانے والے جموں کی بیشتر سڑکوں اور بازاروں کو بی جے پی کے زعفرانی رنگ کے جھنڈوں اور بینروں سے سجایا گیا ہے اور یوں شہر کے ایک بڑے حصے نے زعفرانی رنگ اوڑھ لیا ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر امت شاہ اپنے دورے کے دوران ریاست میں پارلیمانی و اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے علاوہ پارلیمانی انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے مسئلے پر مقامی لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے بتایا ‘مسٹر شاہ مقامی پارٹی عہدیداروں و کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے لوک سبھا کی چھ سیٹوں کے لئے پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیں گے’۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی نے ریاست میں پارلیمانی انتخابات اکیلے اور اپنے دم پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا ‘پارٹی ریاست کی سبھی چھ پارلیمانی نشستوں کے لئے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور کسی بھی جماعت کے ساتھ قبل از انتخاب اتحاد نہیں کرے گی’۔ذرائع نے بتایا کہ امت شاہ پارلیمانی انتخابات کے علاوہ ریاست میں ممکنہ طور پر پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ہونے والے اسمبلی انتخابات پر بھی مقامی پارٹی لیڈران سے فیڈ بیک حاصل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی قومی صدر کے ہمراہ بی جے پی جنرل سکریٹری (آرگنائزیشنز) رام لال، قومی جنرل سکریٹری رام مادھو و اویناش رائے کھنہ بھی جموں کے دو روزہ دورے پر آئیں گے۔بی جے پی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ مسٹر امت شاہ پارلیمانی انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لئے قومی سطح کے لیڈران سمیت ریاستی یونٹ کے لیڈران بشمول ریاستی صدر، ریاستی جنرل سکریٹری، ممبران پارلیمنٹ، سابق ممبران اسمبلی و کونسل اور دیگر سینئر پارٹی عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ تاہم انہوں نے بتایا ‘ناموں کا حتمی اعلان بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی جانب سے کیا جائے گا’۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر شاہ اپنے دورے کے دوران الیکشن بوتھ انچارجوں کی ایک ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا ‘مسٹر شاہ جموں کے زائد از 50 ہزار الیکشن بوتھ انچارجوںکی ایک ریلی سے خطاب کرکے انہیں اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دیں گے’۔ انہوں نے بتایا ‘یہ ریلی بھگوتی نگر میں واقع جے ڈی اے پارک میں منعقد ہوگی۔ وہ (مسٹر شاہ) بوتھ انچارجوں سے خطاب کرنے سے قبل پلوامہ حملے کے مہلوک جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے’۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی صدر کے دورے جموں کے پیش نظر اس سرمائی دارالحکومت میں سیکورٹی کے پختہ بندوبست کئے گئے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا