سابق چیف سکریٹری اور سابق وزیر بی آر کنڈل نیشنل کانفرنس میںشامل

0
0

جموں جموں وکشمیر کے سابق چیف سکریٹری و سابق وزیر بی آر کنڈل نے بدھ کے روز یہاں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی۔ نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں بی آر کنڈل نے پارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈران ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، محمد شفیع اوڑی، عبدالرحیم راتھر، دیوندر سنگھ رانا، میاں الطاف احمد، ایس ایس سلاتیہ، اجھے سدھوترا، سجاد کچلو، اعجاز جان، عبدالغنی ملک اور مرزا عبدالرشیدکے علاوہ کئی عہدیداران موجود تھے۔بی آر کنڈل کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مسٹر کنڈل نے انتظامیہ میں کلیدی عہدوں پر رہ کر ریاست کے لوگوں کی بے لوث خدمت کی ہے اور انہوں نے اپنی صلاحیوں کا لوہا منوایا ہے۔ مجھے امید ہے کہ نیشنل کانفرنس میں رہ کو وہ لوگوں کی اور خدمت کریں گے اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے بھی کام کریں گے۔ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ نیشنل کانفرنس ریاستی عوام کے اعتبار،رفاقت اور اشتراک سے ہر امتحان میں سرخرو ہو کر سامنے آئی ہے اور ریاستی عوامی نے اپنی اس آبائی جماعت کو ہر وقت اپنے دلوں میں سمائے رکھا اور ہر حال میں شیر کشمیر کی اس تنظیم کو بھر پور اعتماد دیا۔ اس وقت ہمیں جس امتحان کاسامنا ہے ، اللہ کے فضل و کرم ہم اس میں بھی کامیاب ہوجائیں گے اور ریاست کے تینوں خطوں کے آپسی بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی، عزت و آبرو اور خصوصی پوزیشن کو قائم و دائم رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بات کہنے میں ذرا بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوتی کہ نیشنل کانفرنس ریاست جموں و کشمیر کی واحد ایسی سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت ہے جس کی جڑیں اسی ریاست میں پیوست ہے اور یہی وہ جماعت ہے جو کشمیر دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نیشنل کانفرنس آج بھی عوام کے دلوں میں بستی ہے ، جو وقت نے بار بار ثابت کر کے دکھایا۔ ریاست جموں کشمیر میںکوئی دوسری جماعت نیشنل کانفرنس کی ثانی نہیں ہوسکتی ہے کیونکہ اسی تنظیم کے قائدین نے عوام کو شخصی نظام سے نجات دلانے اور بنیادی حقوق دلانے کے لئے زبردست جنگ لڑی ہے اور سالہا سال تک قید خانوں میں صعوبتیں جھیل کر ایک تاریخ رقم کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مٹھی بھر افراد نے جس طرح سے فضاءکو آلودہ کر رکھا ہے وہ انتہائی تشویش اور قابل افسوس ہے۔ جموں کے عوام نے کبھی بھی ان شرپسند عناصر کا ساتھ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے جموںکے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن کو پنپنے کا موقع فراہم کریں اور شرپسند عناصر کے عزائم کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہ ہونے دیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا