نظام الدین بٹ کی قیادت میں پی ڈی پی صوبائی کمشنرجموں سے ملا قی
لازوال ڈیسک
جموں بندکے دوران اقلیتی بستیوں پرحملے،مال املاک کو نقصان پہنچانے کے شرمناک واقعات پراپنی فکرمندی کیساتھ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کاایک اعلیٰ سطحی وفد یہاں صوبائی کمشنر سنجیوورماسے ملاقی ہوااورصوبے میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی مانگ کی۔وفد نے بندکے دوران پیش آئے فرقہ وارنہ تشددکے واقعات پراپنی گہری تشویش کااِظہارکرتے ہوئے کہاکہ انتظامی سطح پرغفلت کے باعث اس طرح کے شرمناک واقعات رونماہوئے ہیں۔
نظام الدین بٹ کی قیادت میں وفد نے صوبائی کمشنر سنجیوورماسے ملاقات میں کہاکہ جموں میں امن وقانون کے نفاذکی ذمہ دار ایجنسیوں نے غفلت برتی جس سے اقلیتی طبقہ میں عدم تحفظ کااحساس پیداہوا اور کروڑوں کی مالیت کی گاڑیاں تباہ کی گئیں، جلادی گئیں۔
وفد میں نظام الدین بٹ کے علاوہ فیاض احمد میر، عبدالمجید پڈر، نورمحمد شیخ، اعجاز میر، وئید مہاجن، عبدالقیوم وانی، پرویز وفاخان اورمتعدددیگرلیڈران شامل تھے۔صوبائی کمشنرکووفدنے بتایاکہ بندکے دوران ایک ایساماحول پیداکیاگیاجس سے کشمیرکے لوگوں میں عدم تحفظ کااحساس پیداہوا اوروہ خود کوغیرمحفوظ تصورکرنے لگے۔
اُنہوں نے کہاکہ کشمیری لوگوں کی جموں میں فکرمندی اوریہاں دیگراقلیتی بستیوں میں جس طرح سے امن وامان بگاڑنے کی کوشش کی گئی لوگوں کی فکرمندی جائز ہے۔
اس ضمن میں وفدنے انتظامی سطح پرانتظامات کومایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی انتظامیہ بروقت اقدامات اُٹھاتی توصورتحال اس قدر خراب شکل اختیارنہ کرتی۔وفدنے ڈویژنل کمشنرکو درماندہ مسافروں کودرپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
صوبائی کمشنرنے وفدکویقین دلایاکہ اُنہوں نے شہرمیں امن وامان اوربھائی چارے کوتحفظ فراہم کرنے کے تمام تراقدامات اُٹھائے ہیں اورکسی کو بھی فکرکی ضرورت نہیں۔اُنہوں نے کچھ تشددکے واقعات پراپنی فکرمندی کااِظہارکرتے ہوئے ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی کرائیْ