لازوال ڈیسک
سرینگراے آئی پی سربراہ انجینئر رشید نے رائے پور چھتیس گڈھ میں بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے کشمیری طلباءپر تشدد کرنے اور انہیں حراساں کرنے کی کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کشمیریوں پر بیرون ریاست حملوں کی واحد وجہ اُن کا کشمیری اور مسلمان ہو نا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انجینئر رشید نے کہا ”ایک طرف سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ریاست بھر میں پیشہ وارانہ کالجوں ، یونیورسٹیوں اور دیگر تکنیکی اداروں کے کھولے جانے میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں اور دوسری طرف کشمیریوں کو وادی کے باہر ہر جگہ بلا وجہ عتاب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ کشمیری یا مسلمان ہونا ہندوستان میں کسی جرم سے کم نہیں اور کشمیریوں کو جان سے مارنا یا انہیں دھمکیاں دینا نام نہاد قوم پرستی کا محور بنتا جا رہا ہے ۔ افسوس تو یہ ہے کہ جب بھی کہیں کشمیریوں پر کہیں حملہ ہوتا ہے تو اُس کے پیچھے مقاصد اور اس کی سنگینیت کو کم کرکے پیش کیا جاتا ہے لیکن اگر کشمیر میں انجانے سے بھی کسی غیر ریاستی باشندے کو کچھ ہو جائے تو اس سے بڑا چڑھا کے پیش کیا جاتا ہے ۔ رائے پور میں کشمیری طلباءپر کیا گیا حملہ ایسی ہی تنگ اور چنکیا نظر ذہنیت کا نمونہ ہے کیونکہ ریاستی سرکار یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ جیسے وہاں کچھ ہوا ہی نہیں “۔ انجینئر رشید نے مطالبہ کیا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ ریاست کے اندر قائم یونیورسٹیوں ، کالجوں اور دیگر تکنیکی اداروں کی مکمل فہرست کا ملک بھر کی باقی ریاستوں سے موازنہ کرے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کسطرح جموں کشمیر میں پرائیویٹ سیکٹر میں تعلیمی ادارو ں کے پھیلاﺅ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں ۔ انجینئر رشید نے سرکار سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ریاست کے باہر کشمیری طالب علموں، تاجروں اور دیگر لوگوں پر ہندوستان کے جس بھی شہر میں حملے ہوئے ہیں اُن کے متعلق درج شدہ ایف آئی آر اور دیگر تحقیقاتی پیش رفت سے ریاست کے لوگوں کو آگاہ کیا جائے کیونکہ حقیقت یہی ہے کہ کشمیریوں کے خلاف ہر حملے کے بعد درج ہونے والی ایف آئی آر کو سوچھ سمجھ کر کوڑے دانوں میں ڈالا جا تا ہے کیونکہ کشمیریوں کو دشمنوں کی نظروں سے دیکھنا ایک بہت بڑے طبقے کی ہندوستان کے اندر مجبوری بن چکا ہے ۔ انجینئر رشید نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ جموں میں درماندہ کشمیری مسافروں پر سنگ بازی کرنے والوں کے خلاف معمولی ایف آئی آر درج کرنے پر بھی آسمان سر پر اٹھایا جا رہا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے ۔ انجینئر رشید نے پلوامہ میں پُر اسرار بم دھماکے میں زخمی ہوئے طلباءکے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔