بریلی: اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری کا 105واں عرس 10 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ پروگرام متھرا پور واقع اسلامک اسٹڈی سینٹر جامعۃ الرضا بریلی شریف میں ہوگا۔ عرس کی تیاریوں کے حوالے سے شہزادہ تاج الشریعہ قاضی القضاۃ مفتی محمد عسجد رضا خاں قادری کی سرپرستی میں آج متھرا پور واقع جامعۃ الرضا میں علمائے کرام اور بریلی شریف و اطراف کی تمام لنگر کمیٹیوں کی میٹنگ ہوئی جس میں کمیٹیوں کے ممبران اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ میٹنگ کا آغاز قاری شرف الدین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس موقع پر علمائے کرام نے درگاہ اعلیٰ حضرت تاج الشریعہ پر زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی اپنی تجاویز پیش کیں۔ عرس میں مختلف ممالک کے زائرین بھی شرکت کرتے ہیں اس مناسبت سے یہ بھی مشورہ پیش کیا گیا کہ ہر قسم کی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ان کی خدمت کرنی ہیں اور زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑیں۔ جماعت رضائے مصطفےٰ کے نائب صدر جناب سلمان حسن خاں نے کہا کہ عرس اعلیٰ حضرت سے دنیا بھر میں تہذیب، امن اور بھائی چارے کا پیغام جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس رضوی میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے زائرین بریلی شریف پہنچتے ہیں، ہر سال کی طرح اس سال بھی ان کے قیام اور کھانے پینے کے لیے جامعۃ الرضا میں مناسب انتظامات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بتایا کہ سٹی ریلوے اسٹیشن بس کیمپ سے ہر سال کی طرح اس سال بھی بس سروس دستیاب رہے گی۔