عوام کو ’صحت اور حفظان صحت سے متعلق آگاہی‘ فراہم کی گئی
لازوال ڈیسک
ادھمپور؍؍گورنمنٹ ڈگری کالج چنینی نے اپنے این ایس ایس یونٹ پریتنا اور آزادی کا امرت مہوتسو کے زیراہتمام’صحت اور حفظان صحت سے متعلق آگاہی‘ کے موضوع کے تحت گود لیے گئے گاؤں چمپیری اور تحصیل چنینی میں اس کے قریبی چھوٹے گاؤں میں دو روزہ این ایس ایس کیمپ کا انعقاد کیا۔وہیں پہلے دن کا پروگرام گورنمنٹ پرائمری اسکول، کرد میں شروع ہوا جس میں این ایس ایس کے رضاکاروں نے اسکول کے طلباء اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی اور ذاتی صحت اور حفظان صحت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔اس دوران طلباء نے دیہات میں منتخب مقامات پر صفائی مہم بھی چلائی اور موضوع سے متعلق مقامی آبادی کے ساتھ بات چیت کی۔وہیںدوسرے دن این ایس ایس کے رضاکاروں نے گورنمنٹ ہائی اسکول، چمپیری کا دورہ کیااور اسکول کے طلباء کو لیکچر دیے اور انہیں متوازن خوراک اور جسمانی ورزش کے تصور سے آگاہ کیا جو کہ اچھی صحت اور نفسیاتی تندرستی کے لیے براہ راست متناسب ہے۔ اس موقع پراسکول کے تدریسی عملے نے بھی بھرپور شرکت کی اور طلباء کو صحت مند طرز زندگی کے بارے میں آگاہ کرنے کے بارے میں سوالات اٹھائے۔ اس مہم کا اہتمام پروفیسر سنیل کمار اور ڈاکٹر مدثر عبداللہ نے کیا تھا۔واضح رہے اس پروگرام کا انعقاد کالج کی پرنسپل ڈاکٹر پرگیہ کھنہ اور آرگنائزنگ ٹیم کے ارکان کی سرپرستی میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کا مقصد طلباء کو اس قابل بنانا تھا کہ وہ اس کمیونٹی کو سمجھ سکیں جس میں وہ رہتے ہیں اور کام کرتے ہیں اور اپنی کمیونٹی کے تعلق سے خود کو سمجھ سکتے ہیں اور کمیونٹی کی ضروریات اور مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں مسائل کے حل کے عمل میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ گاؤں یا علاقے کو گود لینے کا مقصد گاؤں والوں کو ترقی کے نئے آئیڈیاز دینا ہے جس سے ان کے حالات زندگی بہتر ہوں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ کالج نے اپنے آس پاس کے پانچ دیہاتوں کو گود لیا ہے اوراین ایس ایسکے رضاکار کمیونٹی کے فائدے کے لیے ان علاقوں کا باقاعدہ دورہ کرتے ہیں