دارالعلوم محمودیہ مینڈھر میں بزم حمد و نعت کے سالانہ مسابقے کا ہوا انعقاد

0
0

سرفرازقادری
مینڈھر؍؍ ضلع پونچھ تحصیل مینڈھر کی عظیم علمی دانشگاہ دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر میں شعبہ "بزم حمد و نعت” کا سالانہ مسابقتی اجلاس مورخہ یکم مارچ کو نماز مغرب سے نماز عشاء تک مرکزی جامع مسجد انور مینڈھر میں منعقد ہوا۔ اس میں منتخب شدہ 16 طلبہ نے حصہ لیا، اور حمد باری سبحانہ وتعالیٰ، نعت پاک بحضور سرور کائنات ؐ، نظم و مناجات پر مشتمل خوبصورت پروگرام پیش کئے۔ اس پروگرام میں پوری تحصیل سے منتخب علمی، ادبی، سیاسی، انتظامی، سماجی، شخصیات پر مشتمل افراد نے شرکت کی، بالخصوص چوہدری اشفاق وائس چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل، منظور کوہلی ایس ایچ او مینڈھر، ذاکر وانی نائب تحصیلدار چھترال، پروفیسر سرشاد حسین، پروفیسر الیاس، ماسٹر شفیق، مفتی معظم حسین چئیرمین الفلاح ملت ٹرسٹ کالابن، وغیرہ حضرات نے شرکت کی۔ مکمل پروگرام کو بحسن و خوبی سنا اور اس خوبصورت و دلکش و دلربا پروگرام سے محظوظ ہوئے، اور اپنے اچھے تاثرات و نیک خواہشات کا اظہار کیا، دارالعلوم محمودیہ، یہاں کے اساتذہ، عملہ اور جملہ ملازمین، محبین، متعلقین و کارکنان کے لئے کلماتِ حسنہ کہے، اور امید ظاہر کی کہ بچوں کے ان پروگراموں کو سننے کے بعد یہ محسوس ہورہا ہے کہ ادارہ روز بروز ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور ان طلبہ کے آج کے اس پروگرام کے حوالے سے جملہ مشارکین نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام ان علاقوں میں نعمت عظمیٰ ہیں، ہر نعت خواں گویا عشق نبی ؐ میں جھوم جھوم کر پڑھ رہا تھا اور ہم یہ فیصلہ نہیں کرسکتے ہیں کہ کون کس کے مقابلے میں کم تحسین کا مستحق ہے، ہر مساہم الگ پھول لگتا تھا کہ جیسے باغ میں مختلف قسم کے پھول ہوں اور ہر پھول کی ایک الگ خوشبو، مہک و پہچان ہوتی ہے اسی طرح ہر طالبعلم کا انداز انوکھا و نرالا تھا۔ اس پورے مسابقے میں حکم و جج کی ذمہ داری نبھانے والے تین حضرات تھے؛ مولانا ارشاد ضیائی مہتمم مدرسہ دعوت الحق ہرنی، ایڈوکیٹ جاوید خان جاوید، اور پروفیسر مرتضیٰ۔ پروگرام کے آخر میں تینوں حکموں نے ایک بات دوہرائی کہ ہمیں نمبرات دینے میں کافی مشکل پیش آرہی تھی کہ بچوں کا اتنا خوبصورت پروگرام اور وہ بھی حضرت حق جل مجدہ کی حمد ہو اور سید الاولین و الآخرین کی تعریف و نعت ہو پھر بچوں کا حسین انداز لب و لہجہ ہو، تو مشکل آرہی تھی کہ کس بچے کو اول پوزیشن دیں ہر بچہ اس لائق تھا کہ پہلی پوزیشن اس کو دی جاتی۔ اس پروگرام میں ایڈوکیٹ جاوید خان جاوید نے اپنی لکھی ہوئی ایک پہاڑی نعت سنا کر مجمع سے داد تحسین حاصل کی۔ مولانا ارشاد ضیائی نے کہا کہ یہ ادارہ وہ دن دور نہیں جب پوری ریاست ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے افق پر اپنی آن بان شان سے چمکے گا، اس مدرسہ کی تعلیمی، نصابی و غیر نصابی تمام سرگرمیاں اپنی مثال آپ ہیں۔ ان کے بعد چوہدری اشفاق وائس چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل نے اپنے تاثرات میں پروگرام اور دارالعلوم محمودیہ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو چاہیے کہ وہ ان جیسی دینی مجالس میں شرکت ضرور کیا کریں ان سے ایمان کو تازگی و چاشنی ملتی ہے۔طلبہ کو اپنے تمام اساتذہ کی قدر کرنی چاہئے اور بالخصوص مولانا مفتی محمد اسداللہ خان رحیمی کی قدر کریں، آپ کو نہیں پتہ کہ یہ کیسی ہستی ہیں، میں صرف اتنا کہوں گا کہ ہمیشہ کے لئے مفتی اسداللہ خان رحیمی کے دامن سے وابستہ رہیں اور ان کے دامن کو نہ چھوڑیں۔ اس کے بعد صدر اجلاس مولانا فتح محمد سینئر نائب صدر تنظیم علماء اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ نے منظور احمد کوہلی ایس ایس او مینڈھر، پروفیسر الیاس، اور ذاکر وانی نائب تحصیلدار کے ہاتھوں سے آج کے پروگرام کے تینوں حکموں کو مرحوم مفسر قرآن حضرت مفتی فیض الوحید نور اللہ مرقدہ کی تحریر کردہ سیرت کی کتاب "سراجا منیرا” بطور ہدیہ پیش کی، اس کے بعد اپنے صدارتی خطبے کا آغاز کیا، جس میں اپنے ادارے دارالعلوم محمودیہ مینڈھر کی تعلیمی، نصابی، و غیر نصابی سرگرمیوں اور مستقبل کے عزائم سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے میں بچوں کو خوبصورت تلاوت، لب و لہجہ میں قرآن کریم پڑھنے کی مشق کرانے کی غرض سے شعبہ "لجنۃ القراء و التجوید” قائم کیا گیا جس کا سالانہ پروگرام آپ حضرات نے سنا اور اس کے تئیں بھی اپنے اچھے تاثرات کا اظہار فرمایا، اس کے علاوہ حمد، نعتوں و نظموں کے لئے ایک مستقل شعبہ "بزم حمد و نعت” ہے جس کے سالانہ پروگرام میں آج آپ شریک ہوئے، پورے سال اس شعبے کی نگرانی مولانا مفتی محمد اسداللہ خان رحیمی کے حوالے تھی، اور بچوں کی تحریری و تقریری، بیان کی صلاحیتوں اور تقریر کی نوک و پلک درست کرنے کے لئے ایک شعبہ انجمن اصلاح البیان قائم ہے، جس کی نگرانی مفتی طارق محمود خان رحیمی کرتے ہیں۔ اس شعبے انجمن اصلاح البیان کے سالانہ پروگرام کی دو نشستیں اس سے قبل ہوچکی ہیں اس کی تیسری نشست آیندہ ہفتے منعقد ہوگی۔ اس کے علاوہ ادارے کا سالانہ دستاربندی کا اجلاس عام انشاء اللہ 22/مارچ/2022ء کو منعقد ہوگا۔ اخیر میں مولانا فتح محمد ہی کی رقت آمیز دعا پر اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا