بچوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے جامعہ غنیۃالعلوم اخیار پور میں شاندار استقبالیہ پروگرام کا انعقاد
محمد اسحٰق عارفؔ
ڈوڈہ؍؍طویل لاک ڈائون کے بعد اسکولوں کی رونق اور گہما گہمی پھر سے بحال ہونا شروع ہو گئی ہے اور آج اس سلسلہ میں ہائی اسکول جامعہ غنیۃ العلوم میں بچوں کی دوبارہ اسکول واپسی پر اُنہیں خوش آمدید کہنے کے لئے ایک شاندار استقبالیہ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔جامعہ کے پرنسپل الحاج برھان الحق غنی پوری کے صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں جامعہ میں زیرِ تعلیم بچوں ،اساتذہ اور علاقہ کے ذی شعور حضرات نے شرکت کی۔اس موقع پر اساتذہ،طلباء و طالبات اور اراکینِ انتظامیہ کافی مسرور دکھائی دے رہے تھے اور اس خواہش کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ اب اس رونق میں اب اضافہ ہو ہوتا چلا جائے اور خدائے تعالیٰ ہر کسی آفت سے محفوط رکھے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل جامعہ نے کہا کہ ایک لمبے عرصہ کے بعد اساتذہ اور طلباء و طالبات کو دوبارہ یہاں دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور جو وحشت سی محسوس ہو رہی تھی بالآخر اُس سے نجات مل چکی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ طویل لاک ڈائون کی وجہ سے بچوں کا نا قابلِ تلافی نقصان ہوا ہے جس کا ازالہ کرنے کے لئے طلباء و طالبات،والدین اساتذہ اور انتظامیہ سب کو مل کر محنت کرنی ہو گی ۔اُنہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ ہم بچوں کو ہونے والے نقصان کو کسی حد تک کم کر نے کی کوشش کریں اور ہمارے کچھ اساتذہ نے اس کے لئے قابلِ ستائش کام کیا ہے۔اُنہوں والدین سے گلہ کیا کہ خوشی کے اس موقع پر وہ اپنے بچوں کے ساتھ پروگرام میں شرکت کرنے کی خاطر وقت نہ نکال سکے جس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ اپنے بچوں کی تعلیم کے لئے ہم کتنے فکر مند ہیں اور یہ بات باعثِ تشویش ہے۔اس سے قبل جامعہ کے صدر مدرس مفتی شبیر احمد قاسمی نے بچوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران ایک ویرانی سے محسوس ہو رہی تھی کیوں کہ جن پھولوں سے گلشن کی رونق ہوتی ہے وہ نظرنہیں آ رہے تھے ۔اُنہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے پوری دُنیا کے نظام کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔خدائے تعالیٰ کا فضل ہوا کہ اس آفت سے نجات حاصل ہوئی اور دُنیا کی رونقیں دوبارہ بحال ہو رہی ہیں۔اُنہوں نے تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے بچوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں اور جو نقصان اُنہیں ہوا ہے اُس کا ازالہ کرنے کی پوری کوشش کریں۔ اس موقع پر جامعہ کے ہیڈماسٹر عبدالمجید وانی نے بھی بچوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اُنہیں اپنی قیمتی نصائح سے مستفید کیا۔قبل ازیں جامعہ کے اساتذہ نے بچوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُنہیں خوش آمدید کہا اور بعدہٗ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔شاہ نواز وانی مدرس اور قاری جعفر حسین فراش نے پروگرام کے دوران نظامت کے فرائض انجام دئیے جب کی قاری انیس احمد نے نعتیہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور ضلع ڈوڈہ کا واحد ادارہ ہے جہاں طلباء و طالبات کے لئے درسِ بخاری تک کی دینی تعلیم کے لئے الگ الگ شعبہ جات کے علاوہ مروجہ تعلیم حاصل کرنے والے طلاب کے لئے ایک ہائی اسکول قائم کیا گیا ہے جو گورنمنٹ کا تسلیم شدہ اور جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن سے منسلک ہے۔اس کے علاوہ NCPULکا ایک منظور شدہ ایک کمپیوٹر سینٹر بھی یہاں چلایا جا رہا ہے جس میں کمپیوٹر کے مختلف کورسز کروائے جاتے ہیں۔