”ٹھگ آف ہندوستان“کی ناکامی کے بعد عامر خان اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گئے
ےو این این
ممبئی //بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کو فلم ”ٹھگ آف ہندوستان“ کی ناکامی کے بعد ٹھکرائی ہوئی فلمیں دوبارہ یاد آنے لگی۔عامرخان نے گزشتہ برس ٹوئٹر پر فلم ”مغل“ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اوراس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ فلم کے ہدایت کار سبہاش کپور جنسی ہراسانی میں ملوث ہیں لہٰذا وہ کسی ایسے ہدایت کار کے ساتھ کام نہیں کرسکتے جوجنسی ہراسانی جیسے قبیح فعل میں مبتلا ہوں۔ عامر خان نے یہ اعلان فلم ”ٹھگ آف ہندوستان“ کی ریلیز سے قبل کیا تھا تاہم فلم کی ریلیز اور ناکامی کے بعد عامر خان اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے”ٹھگ آف ہندوستان“ کی ناکامی کے بعد فلم ”مغل“ میں واپسی کرلی ہے تاہم عامرکی واپسی کے بعد فلم کے ہدایت کار سبہاش کپور کو تبدیل کردیا گیا ہے اورفلم پروڈیوسربھوشن کمار فلم کے لیے نئے ہدایت کار کی تلاش میں ہیں۔واضح رہے کہ عامر خان کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔