مختلف معاشروں کی زبانیں مختلف ہوتی ہیں لیکن زبان کی طاقت عالمگیر ہوتی ہے:مقررین
لازوال ڈیسک
جموں؍؍گورنمنٹ ڈگری کالج چنینی نے اپنی این ایس ایس اکائی پریتنا،آئی کیو اے سی اور اے کے اے ایم کے زیراہتمام مادری زبان کے عالمی دن کی یاد میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔وہیںسیمینار کا موضوع’کثیر لسانی سیکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال، چیلنجز اور مواقع‘تھا۔ اس تقریب کا مقصد ڈوگری زبان کو مادری زبان کے طور پر تحفظ اور فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر ڈوگری میں اسسٹنٹ پروفیسر سنیل کمارنے ایک لیکچر پیش کیا جبکہ ڈوگری ڈیپارٹمنٹ کے طلباء نے موضوع پر اپنے متعلقہ خیالات پیش کیے۔ سیمینار کی بنیادی بات یہ تھی کہ زبان انسانوں کے وژن کو وسعت دینے اور ان کی صلاحیتوں کو وسیع کرنے اور سماجی معاہدے کی قدر کو سمجھنے میں لوگوں کی مدد کرنے کا سب سے طاقتور ذریعہ ہے۔اس موقع پر مقررین نے کہاکہ زبان لوگوں کو ان کے فطری، سماجی، اقتصادی اور ثقافتی اختلافات سے قطع نظر قریب آنے کی ترغیب دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مختلف معاشروں کی زبانیں مختلف ہوتی ہیں لیکن زبان کی طاقت عالمگیر ہوتی ہے۔ اس موقع پرکالج کی پرنسپل ڈاکٹر پرگیہ کھنہ نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ پروگرام کے انعقاد میں طلباء اور عملہ کی کوششوں کی تعریف کی۔