ترقیاتی محاذ پر بی جے پی کی کارکردگی آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کی کلید رکھتی ہے: کویندر
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ترقیاتی محاذ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی کارکردگی آئندہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی بے مثال جیت کی کلید رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار یہاں سابق نائب وزیر اعلیٰ اور سابق ایم ایل اے گاندھی نگر، کویندر گپتا نے کیا اورکہا کہ بی جے پی کی اگلی حکومت کی تشکیل یقینی ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں وارڈ نمبر 68 کے ایک پارک میں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران کہی۔تمام علاقوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کے مطابق ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، سابق نائب وزیر اعلیٰ نے کارپوریٹر وارڈ نمبر 68 کے ساتھ مل کر بزرگ شہریوں کے لیے بیٹھنے والے بینچوں کی تنصیب کے ساتھ ٹائل لگانے کے کام کا آغاز کیا۔واضح رہے حال ہی میں اس پارک میں بچوں اور علاقے کے مکینوں کے لیے اوپن ایئر جم کا سامان بھی متعلقہ کارپوریٹر نے سابق ڈی سی ایم کویندر گپتا اور بی جے پی کے جموں ضلع صدر ونے گپتا کی موجودگی میں اس پارک میں نصب کیا تھا۔وہیںکویندر گپتا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس’ پر یقین رکھتی ہے جس کے نتیجے میں پارٹی ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔