نئی دہلی، // کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا نے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کے خواتین کے لیے پانچ ضمانتوں کے اعلان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خواتین کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔
مسٹر راہل گاندھی نے کہاکہ "کانگریس ملک کی خواتین کو ایسی پانچ ضمانتیں دے رہی ہے جو ملک کی خواتین کی زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے بدل دے گی۔ خواتین کے انصاف کی ضمانت کے تحت کئے جانے والے یہ پانچ تاریخی اقدامات خواتین کے لیے خوشحالی کے دروازے کھولنے جا رہے ہیں۔
محترمہ پرینکا وڈرا نے کہاکہ "مہالکشمی گارنٹی کے تحت ملک کی خواتین کے لیے انڈین نیشنل کانگریس کی پانچ ضمانتوں میں سے ایک، ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کو سالانہ ایک لاکھ روپے کی گارنٹی دی جائے گی۔ آدھا آبادی پورا حق کے تحت مرکزی حکومت میں تمام نئی بھرتیوں میں آدھی آسامیاں خواتین کے لیے مختص ہوں گی اور شکتی کے حوالے سے آشا، آنگن واڑی اور مڈ ڈے میل بنانے والی خواتین کی تنخواہوں میں مرکزی حکومت کا حصہ دوگنا کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ‘ادھیکار میتری کے تحت تمام پنچایتوں میں ایک ادھیکار میتری کا تقرر کیا جائے گا جو خواتین کو آگاہ کرے گا اور ان کی قانونی مدد کرے گا، جبکہ ساوتری بائی پھولے ہاسٹل کے تحت ملک میں کام کرنے والی خواتین کے لیے ہاسٹل کی تعداد کو دوگنا کیا جائے گا۔ ہر ضلع میں کم از کم ایک ہاسٹل ہوگا۔
محترمہ پرینکا گاندھی وڈرا نے کہا کہ یہ ضمانتیں ہماری بہنوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گی۔ کانگریس پارٹی ملک کی نصف آبادی کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ برابری اور شراکت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔