ممبئی، 12 اگست (یو این آئی) امریکی شارٹ سیلر کمپنی ہنڈن برگ ریسرچ کے کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کی چیئرمین مادھبی بوچ اور ان کے شوہر دھوَل بوچ کے خلاف اڈانی گروپ کے آف شور فنڈ میں حصہ داری کے الزامات پر مچے گھمسان سے سہمے سرمایہ کاروں کی فروخت سے آج شیئر بازار نصف فیصدسے زائد گر گیا۔
تادم تحریر بی ایس ای کا 30 حصص کا حساس انڈیکس 438.52 پوائنٹس یا 0.55 فیصد گر کر 79,323.84 پر آگیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 150.05 پوائنٹس یا 0.62 فیصد کمزور ہوکر 24,217.45 پوائنٹس پر رہا۔
کاروبار کے آغاز پر، سینسیکس 376 پوائنٹس لڑھک کر 79,330.12 پوائنٹس پر کھلا اور 79,278.37 پوائنٹس کی نچلی اور 79,597.07 پوائنٹس کی بلند سطح پر رہا۔ اسی طرح نفٹی بھی 47 پوائنٹس گر کر 24,320.05 پوائنٹس پر کھلا اور 24,212.10 پوائنٹس کی نچلی اور 24,323.70 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچا۔