’ہند۔پاک رنجشیں؛خمیازہ ہم بھگتیں‘

0
0

سنہ 2003میں ہوئے جنگ بندی معاہدے کی عمل آوری یقینی بنائی جائے:ڈاکٹرفاروق عبداللہ
لازوال ڈیسک

  • سری نگر؍؍نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سنہ 2003 میں ہوئے جنگ بندی معاہدے پر عمل آوری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری چپقلش اور رنجشوں کا خمیازہ کشمیریوں کو بھگتناپڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز قیمتی جانوں کا اتلاف ہورہاہے ، بچے ، بوڑھے اور جوان اپاہج ہورہے ہیں، لوگوں کے مال ، مویشی اور دیگر املاک بارود کی نذر ہورہے ہیں، فصلیں تباہ ہورہی ہیں، سکولوں میں درس و تدیس بری طرح متاثر ہے اور آبادیوں کی آبادیاں ہجرت کرنے پر مجبور ہورہی ہیں۔ فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتہ کو شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے دورافتادہ اور سرحدی علاقوں کے 4روزہ دورے کے آغاز پر چمھکوٹ ٹیٹوال میں مختلف مقامات پر لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ سرحدی کشیدگی کو کم کرنے اور ساتھ ہی سرحدوں نرم کرنے اور آر پار آواجاہی کے لئے بھی کارگر اقدامات اٹھائے ۔موجودہ مخلوط حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے رکن پارلیمان نے کہا کہ ریاست انتظامی اور سیاسی بحران کی نذر ہوگئی ہے ،ایک طرف تعمیر و ترقی کی رفتار ماند پڑھ گئی ہے دوسری جانب امن و امان کا فقدان ہے ، لوگ عدم تحفظ کے شکار ہیں ، چاروں طرف غیر یقینیت اور بے چینی کی فضا ہے ۔ پی ڈی پی اور بی جے پی مخلوط اتحاد کے ‘ایجنڈا آف الائنس ‘کو ڈھکوسلا قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان دنوں جماعتوں کے تمام دعوے اور وعدے سراب ثابت ہوگئے ہیں۔ نہ پاکستان کے ساتھ دوستی ہوئی، نہ حریت کے ساتھ بات ہوئی، نہ افسپا کی منسوخی ہوئی، نہ بجلی گھروں کی واپسی ہوئی، نہ بے روزگاری پر قابو پایا گیا اور نہ ہی دفعہ370پر جوں کی توں پوزیشن کے وعدے کا پاس و لحاظ رکھا گیا۔ فاروق عبداللہ نے سرحدی علاقوں کے لوگوں کی حالت زار پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات کے لئے کون ذمہ دار ہے ، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، موجودہ حکومت عوامی امنگوں اور خواہشات پر کھرا اُترنے میں سرے سے ہی ناکام ہوچکی ہے جس کا خمیازہ زمینی سطح پر لوگوں بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ پارٹی ترجمان کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ دورے کے دوران ٹنگڈار، ٹیٹوال اور مژھل کے علاوہ کئی علاقوں میں پبلک میٹنگوں سے خطاب کریں گے اور لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کی جانکاری بھی حاصل کریں گے ۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ چودھری محمد رمضان، صوبائی صدناصر اسلم وانی، ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون، سابق وزیر میر سیف اللہ اور سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمن بھی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا