نئی دہلی، //وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان کے تئیں دنیا کا اعتماد بڑھنے میں یہاں کے منصفانہ اور آزاد انصاف کے نظام کا بڑا کردار ہے۔
بین الاقوامی وکلاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے حالیہ حصولیابیوں پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ اعتماد سے بھرا ہندوستان آج 2047 تک ترقی یافتہ ہونے کے ہدف کے لئے محنت کر رہا ہے۔
یقینی طور پر اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہندوستان کو ایک مضبوط، غیر جانبدارانہ اور آزاد عدالتی نظام کی بنیاد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ہندوستان کئی تاریخی فیصلوں کا گواہ بن چکا ہے۔ صرف ایک دن پہلے، ہندوستان کی پارلیمنٹ نے لوک سبھا اور اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کا قانون پاس کیا ہے۔ ناری شکتی وندن قانون ہندوستان میں وومین لیڈ ڈیولپمنٹ کی نئی سمت کے ساتھ نئی توانائی دے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ابھی چند روز قبل جی-20 کے تاریخی ایونٹ میں دنیا نے ہماری جمہوریت، ڈیموگرافی اور ڈپلومیسی کی جھلک دیکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل آج کے ہی دن ہندوستان چاند کے ساؤتھ پول کے قریب پہنچنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ملک کی قانونی برادری اس کی تعمیر میں بڑا کردار ادا کرتی ہے۔ ہندوستان میں عدلیہ اور وکلاء برسوں سے ہندوستان کے عدالتی نظام کے محافظ رہے ہیں۔
کانفرنس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایک بات خاص طور پر اپنے غیر ملکی مہمانوں کو بتانا چاہتا ہوں جو یہاں موجود ہیں۔ حال ہی میں، ہندوستان نے اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کیے ہیں اور آزادی کی اس لڑائی میں قانونی پیشے سے وابستہ لوگوں نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ جدوجہد آزادی کے دوران بہت سے وکلاء نے قانون کی پریکٹس چھوڑ کر قومی تحریک کا راستہ اختیار کیاتھا۔