یواین آئی
رانچی؍؍ہندوستان نے انتہائی بہیمانہ انداز میں جنوبی افریقہ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں چوتھے ہی دن منگل کو صبح اننگز اور 202 رن کے ریکارڈ فرق سے روند کر تین میچوں کی سیریز میں0- 3 کی تاریخی کلین سویپ کر لی۔ ہندوستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف یہ پہلی کلین سویپ ہے ۔ جنوبی افریقہ نے گزشتہ روز کے آٹھ وکٹ پر 132 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ہندوستان نے اس کے بقیہ دو وکٹ حاصل کرنے کے لئے صرف 11 منٹ کا وقت لگایا ۔ جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز 133 رن پر سمٹ گئی ۔پہلا ٹیسٹ کھیل رہے لیفٹ آرم اسپنر شہباز ندیم نے بقیہ دو وکٹ مسلسل گیندوں پر نکال کر جیت ہندوستان کی جھولی میں ڈال دی ۔ہندوستان نے سوا تین دن میں ہی میچ کو ختم کر دیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی سب سے بڑی جیت درج کر لی ۔ ہندوستان نے اس سے قبل پونے میں دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو اننگز اور 137 رن سے شکست دی تھی ۔ ہندوستان کی اپنی یہ سب سے بڑی چھٹی کامیابی ہے ۔ تیسرے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے اوپنر روہت شرما کو مین آف دی میچ کے ساتھ ساتھ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ۔ ہندوستان کی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ مسلسل پانچویں ٹیسٹ جیت ہے اور اس کے اب 240 پوائنٹس ہو گئے ہیں ۔ ہندوستان کو اس میچ میں جیت سے 40 پوائنٹس ملے ۔ جنوبی افریقہ کا چیمپئن شپ میں ابھی کھاتہ نہیں کھلا ہے ۔