یواین آئی
نئی دہلی؍؍ہندوستان نے پاکستان میں سکھ برادری کے ارکان پر حالیہ حملوں پر آج سخت احتجاج درج کرایا، پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر سفارت کار کو طلب کیا اور ان واقعات کی ایماندارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق اپریل سے جون 2023 کے درمیان پاکستان میں چار واقعات ہوئے ہیں اور ہندوستان نے ان واقعات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ وزارت خارجہ نے ان واقعات کے حوالے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو طلب کیا اور ان واقعات پر شدید احتجاج درج کرایا۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان نے پاکستانی حکام سے سکھ برادری پر ہونے والے ان پرتشدد حملوں کی دیانتداری سے تحقیقات کرنے اور تحقیقاتی رپورٹ شیئر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، جو مذہبی ظلم و ستم کے مسلسل خوف میں جی رہی ہیں۔