اسرو کی کامیابیوں سے ہر ہندوستانی کو فخر ہوا ہے اور عالمی سطح پر ہمارے ملک کا قد بڑھ گیا ہے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍چندریان 3 مشن کی کامیابی اور خلائی شعبے میں ملک کی دیگر کامیابیوں کے بارے میں آج لوک سبھا میں بحث ہوئی اس موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم ( اسرو ) کی اس شاندار کامیابی پر ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کامیابیوں سے ہر ہندوستانی کو فخر ہوا ہے اور عالمی سطح پر ہمارے ملک کا قد بڑھ گیا ہے۔23 اگست 2023 کے تاریخی دن کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے اس حقیقت کی تعریف کی کہ اس دن ہندوستان نے چاند کے جنوبی قطب کے قریب اترنے والا پہلا ملک بن کر ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ چندریان 3 مشن کی کامیابی ہندوستانی سائنس دانوں اور انجینئروں کی انتھک کوششوں اور عزم کا ثبوت ہے جو کائنات کی سب سے دور تک پہنچنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ ہندوستان چندریان -3 کی کامیابی کو دنیا کی سائنسی برادری اور پوری انسانیت کو وقف کرتا ہے ، مسٹر برلا نے یہ بھی کہا کہ چاند سے پرگیان روور کے ذریعہ بھیجی گئی انمول معلومات نے خلا کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کی ہیں۔ اس سے انسانی علم میں اضافہ ہوگا اور اس کے ذریعے مستقبل کی دریافتوں کے لئے راستہ ہموار کیا جائے گا.23 اگست کو "قومی خلائی دن” کے طور پر منائے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ یہ ایک ایسا دن ہوگا جو آنے والی نسلوں کو زندگی میں اعلیٰ اہداف طے کرنے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنے کی تحریک دے گا۔ چاند پر چندریان -2 کے قدموں کے نشان کو ‘ترنگا پوائنٹ’ اور چندریان -3 کی لینڈنگ سائٹ کو ‘شیو شکتی پوائنٹ’ کے نام سے منسوب کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نام ہندوستان کی قدیم وراثت کے ساتھ ساتھ ایک خراج عقیدت بھی ہے۔سائنسی اعتبار سے ہمارے وہ عزائم اور کوششوں کی علامت بھی ہیں۔مسٹر برلا نے کہا کہ چندریان-3 اور آدتیہ-L1، کامیاب خلائی پروگرام ہونے کے علاوہ ہندوستان کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں اور اس کے لوگوں کی صلاحیتوں کے عروج کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سائنسدانوں کی ایک بڑی تعداد نے دونوں مشنوں میں گرانقدر خدمات انجام دیں ، جو کہ ایک نئے ہندوستان کی تعمیر میں خواتین کے تعاون کو ظاہر کرتا ہے۔لوک سبھا کو یہ بتاتے ہوئے کہ دونوں مشن مکمل طور پر ہندوستان میں ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہیں، مسٹر برلا نے یہ بھی بتایا کہ جو چیز ہندوستانی خلائی پروگرام کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہے وہ تمام پروجیکٹوں کی کم لاگت اور ہندوستانی سائنسدانوں کا ہنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں کے نتیجے میں ہندوستان نے خلا کے میدان میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں اپنا مقام بنا لیا ہے۔وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند کی انتھک کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ وزیر اعظم بننے سے بہت پہلے سے مسٹر مودی خلا میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور چندریان مشن کے ساتھ ان کا گہرا جذباتی تعلق ہے۔ مسٹر برلا نے کہا کہ COVID-19 کے وقت، جب پوری دنیا بحران سے نبرد آزما تھی، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بحران کو ملک کی معیشت کے مختلف شعبوں بشمول خلا میں نمایاں اصلاحات لانے کے موقع کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند برسوں میں خلائی اسٹارٹ اپس کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کامیابیاں آنے والی نسلوں کو بڑے خواب دیکھنے اور ان خوابوں کی تعبیر کے لیے سخت محنت کرنے کی ترغیب دیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ہندوستانی سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے خود کو وقف کریں گے۔لوک سبھا اسپیکر نے امن، رواداری، ہمدردی اور تعاون پر مبنی عالمی نظام کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔