نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بدھ کو ہندوستان کی مدد سے تیار کردہ تین ترقیاتی پروجیکٹوں – اکھورا-اگرتلہ سرحد پار ریل لنک، کھلنا-منگلا پورٹ ریل لائن اور میتری سپر تھرمل پاور پلانٹ کی دوسری یونٹ کا مشترکہ افتتاح کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آج صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ان تینوں پروجیکٹوں کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔ یہ منصوبے خطے میں رابطے اور توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنائیں گے۔
اکھورہ-اگرتلہ کراس بارڈر ریل لنک پروجیکٹ کو حکومت ہند کی طرف سے بنگلہ دیش کو دی گئی 392.52 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش میں 6.78 کلومیٹر لمبی ڈوئل گیج ریل لائن اور تریپورہ میں 5.46 کلومیٹر لمبی ریل لائن کے ساتھ ریل رابطے کی کل لمبائی 12.24 کلومیٹر ہے۔
کھلنا-منگلا پورٹ ریل لائن پروجیکٹ حکومت ہند کی رعایتی لائن آف کریڈٹ کے تحت 38.892 کروڑ امریکی ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں منگلا پورٹ اور کھلنا میں موجودہ ریل نیٹ ورک کے درمیان تقریباً 65 کلومیٹر براڈ گیج ریل روٹ کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی دوسری سب سے بڑی بندرگاہ منگلا، براڈ گیج ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہوگیا ہے۔
اسی طرح 1.6 ارب امریکی ڈالر کے ہندوستانی رعایتی فنانسنگ اسکیم کے قرض کے تحت میتری سپر تھرمل پاور پروجیکٹ، بنگلہ دیش کے کھلنا ڈویژن کے رامپال میں واقع 1320 میگاواٹ (2×660) کا سپر تھرمل پاور پلانٹ (ایم ایس ٹی پی پی) ہے۔ اس منصوبے کو بنگلہ دیش-انڈیا فرینڈشپ پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ(بی آئی ایف پی سی ایل) نے نافذ کیا ہے، جو کہ ہندوستان کی این ٹی پی سی لمیٹڈ اور بنگلہ دیش پاور ڈیولپمنٹ بورڈ (بی پی ڈی بی) کے درمیان 50:50 جوائنٹ وینچر کمپنی ہے۔ میتری سپر تھرمل پاور پلانٹ کی یونٹ I کی دونوں وزرائے اعظم نے مشترکہ طور پر ستمبر 2022 میں نقاب کشائی کی تھی اور یونٹ 2 کا افتتاح آج کیاگیا۔ میتری سپر تھرمل پاور پلانٹ کے آپریشنل ہونے سے بنگلہ دیش میں توانائی کے تحفظ میں اضافہ ہوگا۔