کہااگرکسی نے بری نظر ڈالی تومنہ توڑ جواب دیا جائے
لازوال ڈیسک
کانکیر ( چھتیس گڑھ )؍؍وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتے کے روز ہندوستان کے "پڑوسی” کو خبردار کیا کہ اگر کسی نے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔وہ چھتیس گڑھ کے قبائلی اکثریتی ضلع کانکیر میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھرا ہے اور یہ اب کمزور نہیں ہے۔وزیر نے مزید کہا، "میں اپنے پڑوسی سے کہنا چاہتا ہوں، اگر کسی نے ہم پر بری نظر ڈالنے کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بائیں بازو کی انتہا پسندی کا اثر و رسوخ کم ہوا ہے اور مودی حکومت کی جانب سے پچھلے نو سالوں میں کی گئی موثر کارروائیوں کی وجہ سے یہ صرف 10-12 اضلاع تک محدود ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت مکمل تعاون کرتی تو چھتیس گڑھ سے نکسل کی لعنت کا صفایا ہو جاتا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ چھتیس گڑھ میں سال کے آخر تک انتخابات ہونے والے ہیں۔وزیر دفاع نے یہ بھی الزام لگایا کہ ریاست میں بالخصوص بستر میں زبردستی مذہب تبدیل کرنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں اور کہا کہ کانگریس حکومت کو ان پر روک لگانی چاہیے۔سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے وہی عزم رکھتے ہیں جیسا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کا تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے آزادی کے بعد اپنی اور اپنی سیاست کو ترجیح دی اور قبائلیوں کو نظرانداز کیا۔