بنگلورو، // ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم عمان میں منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس مردوں کے عالمی کپ کے افتتاحی ایڈیشن میں شرکت کے لیے جمعرات کو مسقط روانہ ہوگئی۔
ہندوستان اپنا پہلا میچ 28 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف کھیلے گا جس کے بعد اسی دن اس کا مقابلہ مصر سے ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 29 جنوری کو جمیکا کے خلاف کھیلے گی۔ کوارٹر فائنل 30 جنوری کو کھیلے جائیں گے، سیمی فائنل بھی 30 جنوری کو اور فائنل میچ 31 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں مصر، جمیکا اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ پول بی میں ہے۔ جبکہ پول اے میں نیدرلینڈ، نائیجیریا، پاکستان اور پولینڈ ہیں۔ پول سی میں آسٹریلیا، کینیا، نیوزی لینڈ اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو شامل ہیں جبکہ پول ڈی میں فجی، ملائیشیا، عمان اور امریکہ شامل ہیں۔
اولمپک کانسے کا تمغہ یافتہ تجربہ کار فارورڈ سمرن جیت سنگھ (کپتان) اور ڈیفینڈر مندیپ مور (نائب کپتان) کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم میں گول کیپر سورج کرکیرا اور پرشانت کمار چوہان شامل ہیں۔ منجیت کے ساتھ مندیپ مور ڈیفینس میں رہیں گے، جب کہ مڈ فیلڈ کی کمان محمد راحیل محسن اور منیندر سنگھ کے ہاتھ میں ہوگی۔ فارورڈ لائن میں پون راج بھر، گرجوت سنگھ اور اتم سنگھ ہیں۔
عمان کے لیے روانگی سے قبل بنگلورو کے کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کپتان سمرن جیت سنگھ نے کہا ’’ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس مردوں کے ورلڈ کپ میں ہندوستانی مردوں کی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ہم نے اس باوقار ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہر کھلاڑی میدان میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم اس چیلنج کے بارے میں پرجوش ہیں اور اپنے مداحوں کی حمایت سے ہم اپنے ملک کا سر فخر سے بلند کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
نائب کپتان مندیپ مور نے کہا “نائب کپتان بنایا جانا ایک ذمہ داری ہے جسے میں فخر کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ ہماری ٹیم متحد ہے اور ہم آگے سخت مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ ہم نے کوالیفائر میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور اب ہماری توجہ ورلڈ کپ میں مضبوط کارکردگی پیش کرنے پر مرکوز ہے۔ اپنے ساتھیوں اور کوچنگ اسٹاف کے تعاون سے، ہم اپنی چھاپ چھوڑنے اور عمان میں سونے کا تمغہ دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔”