بنگلورو، // اسمرتی مندھانا (136) اور کپتان ہرمن پریت کورناٹ آؤٹ (103) کی شاندار سنچری اننگز کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بدھ کے روز جنوبی افریقی ٹیم کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا ہے۔
آج یہاں ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے آئیں اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے ابھی 36 رنزجوڑے تھے کہ نونکلولیکو ملابا نے شیفالی ورما (20) کو ماساباتا کلاس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر جنوبی افریقہ کے لیے پہلی کامیابی حاصل کی۔ دیالن ہیملتا بھی 23ویں اوور میں 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ انہیں ماساباتا کلاس نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد اسمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افریقی گیند بازوں کی پٹائی جاری رکھی۔ 46 ویں اوور میں نونکولولیکو ملابا نے سمرتی مندھانا کو تزمین برٹس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر جنوبی افریقہ کو تیسری کامیابی دلائی۔ اسمرتی مندھانا نے 120 گیندوں میں 136 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 18 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ کپتان ہرمن پریت کور 88 گیندوں پر نو چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 103 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ریچا گھوش 13 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹوں پر 325 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے نونکلولیکو ملابا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ماساباتا کلاس نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔