کہا بجلی کٹوتی بڑے پیمانے پر لوگوں کو پریشان کر رہی ہے،انتظامیہ خبر لے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے جموں میں بجلی کی مسلسل کٹوتی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بی ایس پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری راجیش گپتا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندوؤں کا سب سے بڑا دیوالی تہوار بجلی کی کٹوتی سے نہیں بچ پایا جو کہ انتہائی شرمناک عمل ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ کتنی لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔بی ایس پی لیڈر نے جموں و کشمیر میں بجلی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں بھر میں بڑے پیمانے پر اور بار بار بجلی کی کٹوتی لوگوں کو پریشان کر رہی ہے۔گپتا نے کہاکہ جموں میں بجلی کٹوتی نے مقامی لوگوںکو پریشان کر دیا ہے۔بی ایس پی لیڈر نے کہاکہ زمینی سطح پر حالات انتظامیہ کے دعووں کے برعکس ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت صارفین سے ٹیرف کی مد میں کروڑوں روپے لیتی ہے لیکن جب یہ چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کی بات آتی ہے تو حالات دعوئوں کے بر عکس ہیں۔