یواین آئی
کٹھمنڈو؍؍ وکرم پرتاپ سنگھ اور روی بہادر رانا کے دونوں ہاف کے ایک ایک گول کی مدد سے ہندستان انڈر -18 نے بنگلہ دیش کو اتوار کو دلچسپ مقابلے میں 2-1 سے شکست دے کر پہلی بار سیف انڈر -18 فٹ بال چمپئن شپ کا خطاب جیت لیا۔ وکرم نے دوسرے ہی منٹ میں گول کر کے ہندستان کو برتری دلائی جبکہ بنگلہ دیش نے 40 ویں منٹ میں یاسین عرفات کے گول سے برابری حاصل کر لی۔رانا نے میچ کے انجري ٹائم کے پہلے منٹ میں 30 گز سے ہندستان کے لئے میچ فاتح گول داغ دیا۔ ہیڈ کوچ فلیڈ پنٹو نے ٹیم کے ٹائٹل جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو جیت کا کریڈٹ دیا۔ہندستان کے نتونگابا متئي کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔ آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کے صدر پرفل پٹیل نے ٹیم کو اس کامیابی کے لئے مبارک باد دی ہے ۔ہندستانی فٹ بال کے لئے یہ تہری خوشی کا وقت ہے ۔ہندستانی انڈر -16 ٹیم نے گزشتہ ہفتے اے ایف سی چمپئن شپ کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ہندستان انڈر -15 ٹیم نے اگست میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیف انڈر -15 چمپئن شپ کا خطاب جیتا تھا۔