جموں وکشمیرپولیس سب انسپکٹر اور جونیئر انجینئر کے خواہشمندامیدواروں کا وفد ایم پی غلام علی کھٹانہ سے ملاقی
کہا جے کے ایس ایس بی امتحان کے نتائج میں تاخیر کر رہی ہے۔۔معامہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا:کھٹانہ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیرپولیس سب انسپکٹر اور جونیئر انجینئر کے خواہشمندامیدواروں کے ایک وفد نے، جو جے کے ایس ایس ایس آر بی کی طرف سے اپنے بھرتی امتحانات کے نتائج کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، بدھ کو راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ غلام علی کھٹانہ سے ملاقات کی اور امتحان کے نتائج کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ۔اس ضمن میںریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زیادہ امیدواروں کا وفد ایم پی غلام علی کے دفتر پہنچا تاکہ ان کے تحفظات اور بھرتی امتحان کے نتائج کی اشاعت میں طویل تاخیر پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ واضح رہے یہ امیدوار دو سال سے اپنے نتائج کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے مستقبل کے کیریئر کے بارے میں بے چینی اور بے یقینی کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔وہیںامیدواروں کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس سب انسپکٹر کے امتحان کی تیاری کے لیے انتھک محنت اور تندہی سے کام کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نتائج کے اعلان میں تاخیر نے ہمارے درمیان بے جا تناؤ اور پریشانی پیدا کر دی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم میں سے بہت سے لوگ اپنے خاندان کے واحد کفیل ہیں، اور اس تاخیر سے ہماری زندگی متاثر ہو رہی ہے۔اس موقع پررکن پارلیمان غلام علی نے سب انسپکٹرز امیدواروںکی شکایات تحمل سے سنیں۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے تحفظات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے اور امتحانی نتائج کے اجراء کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔