جھوٹے وعدے کرنا، جھوٹی ضمانت دینا کانگریس کی پرانی ترکیب رہی ہے
یواین آئی
شملہ؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جھوٹے وعدے کرنا، جھوٹی ضمانت دینا کانگریس کی پرانی ترکیب رہی ہے۔ کانگریس کس طرح کسانوں کے قرض معافی کے نام پر جھوٹ بولتی رہی ہے ، اس کا بھی پورا ملک گواہ رہا ہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ جب دہلی اور ہماچل پردیش میں بی جے پی کی حکومت تھی تو کام تیز رفتاری سے چل رہے تھے، لیکن جیسے ہی پانچ اس کے، پانچ اس کے چکر میں پڑگئے اور کانگریس والے واپس آئے، تمام کام رک گیا. ہماچل پردیش میں تیز ترقی ضروری ہے، مستحکم حکومت ضروری ہے۔ مسٹر مودی پنجاب میں بیاس ڈیرہ کا دورہ کرتے ہوئے آج ہماچل پردیش کے منڈی ضلع کے سندر نگر میں وجے سنکلپ ریلی میں پہنچے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس بار ہماچل پردیش کے انتخابات بہت خاص ہیں۔ اس بار 12 نومبر کو ہونے والا ایک ایک ووٹ ریاست کے اگلے 25 برسوں کے لیے ترقی کا سفر طے کرے گا۔ امرت کال کے ان برسوں میں ہماچل پردیش میں تیز رفتار ترقی ضروری ہے، مستحکم حکومت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، ‘مجھے خوشی ہے کہ ہماچل کے لوگ، یہاں کے نوجوان، یہاں کی مائیں اور بہنیں اس بات کو اچھی طرح سمجھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی حکومت کی مضبوط واپسی کے لئے پرعزم ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ بی جے پی جو عزم کرتی ہے، وہ اسے پورا کرکے دکھاتی ہے۔ بی جے پی نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹانے کا فیصلہ کیا، اسے ثابت کر دیا۔ بی جے پی نے رام مندر بنانے کا عزم کیا، آج اجودھیا میں ایسا عظیم الشان رام مندر بن رہا ہے۔ کانگریس کا سچ یہ ہے کہ جس منشور پر اس نے 2012 میں الیکشن جیتا، اس میں انہوں نے وعدے کیے، ایک کام بھی نہیں کیا۔ جبکہ بی جے پی کی پہچان یہ ہے کہ ہم جو کہتے ہیں اسے پورا کرنے میں دن رات لگا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک کا پہلا گھپلہ دفاعی شعبے میں کانگریس نے ہی کیا تھا۔ تب سے لے کر جب تک کانگریس کی حکومت رہی، تب تک اس نے دفاعی سودوں میں بہت زیادہ دلالی کھائی۔ کانگریس نے دلالی لے کر بہت سی ماؤں بہنوں کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ کانگریس کبھی نہیں چاہتی تھی کہ ملک دفاعی ساز و سامان کے معاملے میں خود کفیل ہو۔ کانگریس 40 سال سے ملک کے فوجیوں سے ‘ون رینک ون پنشن’ کا وعدہ کر رہی تھی، لیکن اتنے برسوں سے مرکز میں کانگریس کی حکومت ہونے کے باوجود اس نے کچھ نہیں کیا۔مسٹر مودی نے کہا کہ آج ہندوستان خود انحصاری کی مہم چلا رہا ہے۔ اپنے ہتھیار خود بنانے پرزور دے رہا ہے۔ کانگریس ہمیشہ سے نہ صرف ملک کے دفاع بلکہ ملک کی ترقی کی بھی مخالفت کرتی رہی ہے۔ پچھلے ڈھائی برسوں میں ہماچل پردیش کے لوگوں نے دنیا کی اتنی بڑی وبا کا مقابلہ کیا ہے۔ ہماچل پردیش بی جے پی حکومت کے تحت ہماچل پردیش نے ملک میں سب سے پہلے 100فیصد ویکسینیشن کا ہدف حاصل کیا۔