سری گورو ہر گو بند صاحب جی کا پرکاش پروپرلیفٹیننٹ گورنر نے گوردوارہ چھٹی پادشاہی رعناواری اور گوردوارہ سری شاد یمرگ صاحب پلوامہ میں حاضری دی
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سری گوروہرگو بند جی مہاراج کے پرکاش پروو کے موقعہ پر گوردوارہ چھٹی پادشاہی رعناواری اور گوردوارہ سری شادیمرگ صاحب پلوامہ میں حاضری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد پیش کی اور اُنہوں نے اَمن ، خوشحالی ، ترقی اور سب کی بھلائی کے لئے دعا کی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں کہا کہ گورو ہر گو بند صاحب جی قربانی ، سماجی اِنصاف ، ہمدردی اور عالمگیر بھائی چارے کے پیکر تھے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان کی تعلیمات اِنسانیت کو اَمن اور اچھی زندگی گزارنے کے لئے مشعل راہ ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ گوروہرگوبند صاحب نے ہمیشہ لوگوں کو سماجی مساوات ، سماجی اِنصاف اور ہمدردی کو اَپنانے کی ترغیب دی ۔ ان کی تعلیمات اتحاد ، بھائی چارے اور تمام اِنسانوں کی مساوات کا درس دیتی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ ہمارے گوروں نے ہمیں سیکھایا کہ اعلیٰ ادراک ، خدا پرستی کا راستہ خدا کے سپرد کرنے اور معاشرے میں سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے کام کرنے سے شروع ہوتا ہے۔اُنہوں نے ہمہ گیر ترقی کے لئے ہمیشہ ہماری رہبری اور رہنمائی کی ہے۔‘‘اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بلا تفریق معاشرے کی تعمیر کے لئے کام کریں اور تنگ نظری سے اوپر اُٹھ کر سماجی ہم آہنگی ، راست بازی ، سچائی ، بھائی چارے اور عالمگیریت کے نظریات کو فروغ دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ہمیں گورو ہر گوبند صاحب کے پرکاش پروو کے موقعہ پر ان نظریات سے اَپنی وابستگی کی تجدید کرنی چاہیے ، ایک منصفانہ اور اِنسانی معاشرے کی تشکیل کے لئے اَپنے عزم کو مضبوط کرنا چاہیے اور پسماندہ اَفراد کی جامع ترقی اور ترقی کے اِجتماعی ہدف کے لئے کام کرنا چاہیے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے قومی کی تعمیر میں سیکھ کمیونٹی کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ کمیونٹی کو ان کے خوابوں اور اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔اِس موقعہ پر میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو ، مذہبی سربراہان ، گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کے اَرکان ، معزز شہری ، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ، کمیونٹی کے بزرگ اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں سری گورو ہر گوبند جی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے موجود تھے۔