کمشنر سکریٹری، سماجی بہبود، شیتل نندا نے حلف کی تقریب کی صدارت کی
لازوال ڈیسک
جموں14اگست2024:منشیات سے پاک ہندوستان کے بارے میں بیداری اور عزم پیدا کرنے کی سمت ایک اہم قدم میں، گورنمنٹ کالج فار ویمن، گاندھی نگر، جموں نے آج ”نشہ مکت بھارت ابھیان“ کے زیراہتمام ملک گیر بڑے پیمانے پر عہد کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ پروگرام کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا ، پروگرام کا تھیم ”وکست بھارت کا منتر، بھارت ہو نشے سے سوتنتر،“پورے پروگرام میں گونجتا رہا۔
کمشنر سکریٹری، سماجی بہبود، محترمہ شیتل نندا نے حلف کی تقریب کی صدارت کی ، تقریب میں جموں و کشمیر کے مختلف اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور طلباءنے منشیات کے استعمال کے خلاف کام کرنے کا عہد کیا۔تقریب میں کالج کے پرنسپل، ڈاکٹر ایس پی سرسوت، اساتذہ ، اور پرجوش طلباءکی شرکت دیکھی گئی، تقریب میں موجود سبھی افراد نے منشیات سے پاک معاشرے کے لیے کام کرنے کا پختہ عہد کیا ۔
تقریب کا انعقاد اس پروگرام کے منتظم اور نوڈل آفیسر، این سی او آر ڈی، ڈاکٹر لیاقت جعفری کی دیکھ ریکھ میں کیا گیا۔ڈاکٹر جعفری نے اپنے پرمغز خطاب میں سماج سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔اس حلف برداری پروگرام کی نظامت پروفیسر سوگندھا مہاجن نے کی جبکہ اس پروگرام کے انعقاد میں پروفیسر راہول شرما، پروفیسر امرجیت سنگھ اور پروفیسر امجد خان بھٹی نے کلیدی کردار ادا کیا۔
اپنے خطاب میں کالج کے پرنسپل نے قوم کے مستقبل کی تشکیل میں تعلیمی اداروں کے کردار اور نوجوانوں کی صحت مند اور خوشحال زندگی کی طرف رہنمائی کے لیے ان کی ذمہ داری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبائ پر زور دیا کہ وہ منشیات کی لت کے خطرات کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے چوکس اور فعال رہیں، انھیں اپنے اپنے علاقوں میں بدلاو ¿ کے سفیر بننے کی ترغیب دیں۔
”نشہ مکت بھارت ابھیان“ایک قومی مہم ہے جسے حکومت ہند نے منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے لیے شروع کیا ہے۔ اس سال مہم کا زور ”وکِسِت بھارت کا منتر، بھارت ہو نشے سے سوتنتر“اس یقین کی نشاندہی کرتا ہے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب تبھی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب قوم منشیات کے شکنجے سے آزاد ہو۔
گورنمنٹ کالج فار ویمن، گاندھی نگر، جموں نے اس پہل کے ذریعے ایک بار پھر اپنی طالبات کی ہمہ گیر ترقی اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس تقریب میں کالج کے بے شمار طلبہ نے شرکت فرمائی ۔