دفاع میں آتم نربھرتا کو تقویت دینے والے مائیکرو اور بہت چھوٹی اور چھوٹی صنعتوں(ایم ایس ایز) کو تقریباً 50فیصد آرڈرز دیے گئے
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍وزارت دفاع نے 2016 میں گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس (جی ای ایم)کے قیام کے بعد سے اس کے ذریعے خریداری کے 1 لاکھ کروڑ روپے کی مجموعی تجارتی قیمت (جی ایم وی) کے اعداد و شمار کو عبور کرنے والی واحد وزارت بن کر ایک اہم سنگ میل حاصل کیاہے۔موجودہ مالی سال میں13 فروری 2024 تک وزارت دفاع نے جی ای ایم پر تقریباً 46,000 کروڑ روپے کے آرڈرز دیے ہیں۔ مالی سال 2022-23 میں وزارت دفاع کی آرڈر ویلیو 28,732.90 کروڑ روپے تھی، جب کہ مالی سال 2021-22 میں یہ 15,091.30 کروڑ روپے تھی۔
پچھلے مالی سال سے ساٹھ فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ وزارت دفاع کی مسلسل کوششوں، اس کی خریداری کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے جی ای ایم پلیٹ فارم کو اپنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔ملک بھر سے 19,800 سے زیادہ دفاعی خریداروں نے جی ای ایم پر 5.47 لاکھ سے زیادہ آرڈر دیے ہیں۔ ان آرڈرز میں سے تقریباً 50فیصد بہت چھوٹی اور چھوٹی صنعتوں (ایم ایس ایز) کو دیے گئے، جو کہ پبلک پروکیورمنٹ مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ سماجی شمولیت اور آتم نربھارت کی طرف ہندوستان کی اقتصادی ترقی کو تقویت دینے کی بنیادی قدر کے مطابق ہیں۔
جی ای ایم ہندوستان میں پبلک پروکیورمنٹ کا ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے جس کا تصور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کیا تھا۔ یہ اقدام 9 اگست 2016 کو تجارت اور صنعت کی وزارت نے خریداروں اور فروخت کنندگان کے لیے خریداری کی سرگرمیوں کو منصفانہ اور مسابقتی انداز میں انجام دینے کے لیے ایک جامع، موثر اور شفاف پلیٹ فارم بنانے کے مقصد سے شروع کیا تھا۔یہ سنگ میل وزارت دفاع ، مسلح افواج،پی ایس یوز ، دفاعی صنعت، اور تحقیقی اداروں کی مشترکہ کوششوں کا عکاس ہے۔ یہ نہ صرف جی ای ایم پلیٹ فارم کی کامیابی کا جشن مناتا ہے بلکہ قومی دفاعی صلاحیتوں کو تقویت دینے اور ہندوستان کے خوشحال مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے وزارت دفاع کی لگن کی بھی تصدیق کرتا ہے۔