گرمی کے باعث اسکول بند کرنے کے مطالبے کو پورا نہیں کیا جا سکتا ہے: آلوک کمار

0
0

سری نگر، 27 جولائی (یو این آئی) محکمہ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری آلوک کمار نے ہفتے کے روز شدید گرمی کی وجہ سے اسکول ایک بار پھر بند کرنے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعطیلات میں اضافہ کرنا گرمی کی پریشانیوں سے بچنے کا حل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گرمیوں سے چلینج پیدا ہوئے ہیں لیکن اسکولی نظام کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔بتادیں کہ وادی میں جاری شدید گرمیوں کے پیش نظر بعض لوگ اسکولوں میں مزید چھٹیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
موصوف پرنسپل سکریٹری نے ہفتے کے روز یہاں اس سلسلے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ہم سب گرمی جھیل رہے ہیں جب تک گرمی ہے تب تک اسکول بند نہیں رکھے جاسکتے ہیں اس سے نظام بگڑ جائے گا اب سردی شروع ہوگی تو اس میں بھی اسکول بند کرنے پڑتے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘اسکولوں میں جو کام کاج کا وقت ہے اس کو بہر حال میں چلنے دینا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ کوئی معقول بات نہیں ہے کہ گرمی ہوئی تو اسکولوں کو بند کر دو، اس طرح کے مطالبے کو پورا نہیں کیا جا سکتا ہے ہاں یہ بات ضرور ہے کہ اگر کسی کو گرمی سے دقت ہوتی ہے تو حاضری میں سختی نہیں کی جائے گی لیکن اسکول بند کرنا اس کا کوئی حل نہیں ہے’۔
اسکولوں میں دستیاب سہولیات کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر کمار نے کہا کہ اسکولوں میں پینے کے پانی، چھائوں وغیرہ جیسی سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم ابھی اسکولوں میں ائیر کنڈیشنز لگانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں لیکن آگے ان کو لگانے کی کوشش کی جائے گی’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا