سری نگر، 19 اگست (یو این آئی) معاشرے سے منشیات کی بیخ کو یقینی بنانے کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے برائون شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا۔
گرفتار شدہ منشیات فروش کی شناخت عمر فیاض بٹ ولد فیاض احمد بٹ ساکن شالہ ٹینگ سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گاندربل پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ عمر فیاض بٹ ولد فیاض احمد بٹ ساکن شالہ ٹینگ سری نگر نامی ایک شخص، جو رکھ ہارن فارسٹ پروٹیکشن یونٹ گاندربل پر ایس ایس بی 03 سی سی کے ساتھ ایک پرائیویٹ ڈرائیور کے طور پر کام کر رہا ہے، نے رکھ ہارن میں ایک فارسٹ ہٹ میں برائون شوگر جیسا کچھ ممنوعہ مواد چھپا رکھا ہے تاکہ وہ اس کو مقامی نوجوانوں کو سپلائی کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی گاندربل کی ہدایات پر اس اطلاع پر فوری کارروائی انجام دیتے ہوئے پولیس اسٹیشن گاندربل کے ایس ایچ او کی سربراہی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ ٹیم جائے موقع پر پہنچ گئی اور تلاشی کے دوران ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں مذکورہ ہٹ سے برائون شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا جس کو موقع پر ضبط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے سال 2023 سے اب تک منشیات کے غیر قانونی تجارتی نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 4 ہزار 5 سو 36 افراد کو گرفتار کیا ہے اور 4 سو 63 افراد کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے درج مقدمے درج کئے ہیں۔