لازوال ڈیسک
سر ی نگر؍؍ گورنر کے مشیر کے ۔ وِجے کمار نے آج ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں شوپیان میں ملی ٹنٹوں کی فائرنگ سے زخمی میوہ تاجر کی عیادت کی۔ پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹر پرویز احمد شاہ ، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال اور کئی دیگر ڈاکٹر بھی موجو د تھے۔مشیر نے سرجیکل آئی سی یو کا دورہ کر کے زخمی شخص کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ اس دوران انہیں بتایا گیا کہ مذکورہ تاجر کی حالت مستحکم ہے اور اسے بہتر طبی سہولیات بہم کی جارہی ہے۔مشیر نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ زخمی شخص کو معیاری طبی نگہداشت کی سہولیات مہیا کرائیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ وہ اس شخص کے کنبے کو بھرپور مدد دیں جو اس کی تیمارداری کرنے کے لئے ہسپتال میں موجود ہیں۔ دریں اثنا مشیر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کے کام کاج اور سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں مریض دوست ماحول قائم کیا جانا چاہیئے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سے قبل مشیر نے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال سر ی نگر کا بھی دورہ کیا۔ جہاں ڈاکٹروں اور ہسپتال انتظامیہ نے انہیں اس اہم طبی ادارے کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی۔ مشیر نے ڈاکٹروں کے ساتھ بھی استفسار کیا اور وہاں دستیاب سہولیات اور دیگر امور کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔