سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا،افسران سے امدادی اقدامات شروع کرنے کو کہا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے مختلف حصوں میں مسلسل بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے پیش آنے والے سانحہ پر گہرے صدمے اور غم کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) غلام علی کھٹانہ نے منگل کو انتظامی افسران سے کہاکہ آفت سے ہونے والے نقصانات تک رسائی کے عمل کو شروع کیا جائے ۔میڈیا کو جاری بیان میں کھٹانہ نے کہا کہ محکمہ موسمیات کو چاہیے کہ وہ بروقت شدید بارشوں اور برفباری اور فطرت کی دیگر تبدیلیوں کی پیشگوئی کرے اور دیگر متعلقہ حکام بروقت لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
رکن پارلیمان نے ان خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اس آفت میں اپنے عزیزوں کو کھو دیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحومین کی روح کو سکون عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ریاسی، کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن اور دیگر مقامات کے آفت زدہ علاقوں میں بھینس، گائے، گھوڑے، بکری اور بھیڑ جیسے مویشیوں کے نقصانات کی بروقت تلافی کی جانی چاہئے کیونکہ ان علاقوں کے لوگ زیادہ تر ان مویشیوں پر انحصار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رام بن میں زمین دھنسنے سے متاثر ہونے والے لوگوں کو بھی محفوظ مقامات پر بحال کیا جانا چاہئے اور مناسب معاوضہ دیا جانا چاہئے اور انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سب کچھ کیا جانا چاہئے۔کھٹانہ نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے کہا ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کے متاثرین کو فوری امداد فراہم کریں۔