لواحقین نے قتل کا لگایا الزام،بڑھتے جرائم باعث تشویش
یواین آئی
جموں؍؍جموں صوبہ کے کٹھوعہ ضلع میں 30سالہ نوجوان کی گلا کٹی لاش برآمد کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں اور لواحقین نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ ان کے لخت جگر کا قتل کیا گیا ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے ایک مضافاتی علاقے میں امر جیت شرما نامی نوجوان کی لاش گھر کے باہر پر اسرار حالت میں برآمد کی گئی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاش کو تحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔
دریں اثنا مقامی لوگوں اور لواحقین نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا اور لازام لگایا کہ امر جیت شرما کا سنسنی خیز طریقے سے قتل کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ مظاہرین نے ہیرا نگر میں جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر دھرنا دیا اور ریلوے ٹریک کو بھی بلاک کیا جس وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت پوری طرح سے معطل ہو کررہ گئی۔پولیس کے سینئر آفیسران اور سیول انتظامیہ کے عہدیدار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اورمظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہوگی جس کے بعد احتجاج کرنے والے پر امن طورپر منتشر ہوئے۔