لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل پڑے ،مہیندر ا اور راج ٹھاکرے بھی شدیدناراض
لازوال ڈیسک
ممبئی؍؍ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف شہر وں میں لاکھوں کی تعداد میں شہری اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لیے سڑکوں پر نکل پڑے ہیں اور انہوں نے زانیوں کو پھانسی دینے اور ان کے حامیوں کو بھی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اتوار کی شب مہاراشٹر کانگریس کے صدر اشوک چوان اور ممبئی کانگریس کے صدر سنجے نروپم نے کٹھوعہ اور اناؤ آبروریزی کے خلاف جگہ جگہ موم بتی لیکر احتجاجی جلوس نکالے ۔اس خاموش جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جوکہ باندرہ کے متمول علاقے میں نکالا گیا۔ممبئی کے ساتھ ساتھ پونے ،ناگپور،دھولیہ ،جلگاؤں، اورنگ آباد ،مالیگاؤں ،ممبرا ،بھیونڈی اور دیگر بڑے چھوٹے شہروں سے احتجاج کی خبروں نے حکومت اور انتظامیہ کی نیندیں اڑادی ہیں،لیکن عوام کا غصہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ممبئی کے متمول اور فلمی دنیا کا علاقہ کہے جانے والے باندرہ میں بڑی تعداد میں ہر ایک طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں خواتین کی اکثریت تھی ،احتجاج میں شریک ہوئے اور ان واقعات میں ملوث افراد اور ان کے حامیوں کو سخت سزا دینے کی وکالت کی ہے ۔اس موقع پر’ انڈیا یونائٹس فار جسٹس اگینسٹ ریپس اینڈر مرڈرس ‘کے عنوان سے احتجاج کیا اور چند لمحوں میں ہر کوئی اس میں شامل ہوگیا فلم اداکار ہیلن ،ٹوئینکل کھنہ آدیتی راؤ حیدر،فلمساز ایکتا کپورسمیت کئی اداکار اور فلمساز اور دیگر شخصیتوں نے حصہ لیا اور ہر کوئی سراپا احتجاج بنا ہوا تھا۔اس کا مطالبہ تھا کہ زانیوں کو سخت سخت سزا دی جائے ۔اس موقع پر معروف اسکالرڈاکٹر زینت شوکت علی نے کہا کہ ان سنگین معاملات کے مدنظر پورا ملک متحد ہوگیاہے اور انصاف کا مطالبہ کررہا ہے ،اس لیے ان وارادتوں کے ذمہ داروں کو سزائے موت دی جائے ۔ایسے معاملات میں کسی بھی طرح کی سیاست نہ ہواور مذہب وذات پات سے اوپر اٹھ کر انصاف کی بات کی جائے ۔دریں اثناء معروف صنعت کار آنند مہیندر ا نے جموں میں کٹھوعہ اور اناؤآبروریزی معاملات سے دل برداشتہ ہوکر سوشل میڈیا پر زانیوں کے لیے جلادبننے کی پیش کش کی ہے کہ ”میں ملک میں کمسن لڑکیوں کا جنسی استحصال کرنے والے زانیوں کوپھانسی دینے کے کی غرض سے جلاد بننے کے لیے تیار ہوں۔”جبکہ مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بی جے پی پر زانیوں کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ان ملزمین کو سخت سے سخت سزا دی جائے ،حال میں انہوں نے شریعت کے تحت سزا دینے کی وکالت کی تھی ۔انہوں نے کٹھوعہ کے واقعہ کی بھر پور مذمت کی اور کہا کہ مندر میں جوکہ ایک پوتر مقام ہوتا ہے ،یہ فعل کرنا انتہائی افسوس ناک ہے اور 8سالہ بچی کے ساتھ ایسا کرنا جوکہ مذہب کے بارے میں بھی نہیں جانتی ہے ،اس کے ساتھ 5-6لوگوں نے جنسی فعل کیا اور بے دردی سے پتھرسے سرکچل دیا ،ایسے افراد کوپھانسی پر لٹکا دینا چاہئے