فلوری کلچر آفیسر گرفتار،علاقے میںاحتجاجی مظاہرئے ،بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع
یواین آئی
سری نگر؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بوٹنیکل گارڈن کو کرناگ میں پیر کی دو پہر کو تین عارضی ملازمین نے مبینہ طور خود سوزی کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں فوری طور ہسپتال منتقل کرکے بچالیا گیا تاہم ایک ڈیلی ویجر کی حالت ہسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ کہ اس واقعے کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرئے کئے جس کے بعد پولیس نے اسسٹنٹ فلوری کلچر آفیسر کی گرفتاری عمل میں لائی۔ذرائع نے بتایا کہ بوٹنیکل گارڈن کوکر ناگ میں پیرکی دوپہر کو اس وقت سرا سیمگی پھیل گئی جب وہاں تین عارضی ملازمین نے مبینہ طور پر خود سوزی کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ وہاں موجود لوگوں نے بر وقت کارروائی کرکے انہیں بچا کر سب ضلع ہسپتال کوکرناگ پہنچایا جہاں سے ان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ان ملازمین کی شناخت 30 سالہ ذاکر حسین شاخساز ولد غلام حسن شاخساز، 33 سالہ ارشد احمد یتو ولد عبد السلام ساکنان بدر کوکرناگ اور ہلال احمد تانترے ولد محمد اکبر تانترے ساکن وتہ ہاڑ کے بطور ہوئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ان عارضی ملازمین کا تعلق محکمہ فلوریکلچر سے ہے۔مقامی سرپنچ نے نامی نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ پیر کی صبح اسسٹنٹ فلوری کلچر آفیسر کوکر ناگ کے دفتر میں گئے اور تین ڈیلی ویجروں کا مسئلہ اٹھایا تاہم اس نے ایک نہ سنی اور بد تمیزی پر اترآیا۔انہوں نے کہاکہ اسسٹنٹ فلوری کلچر آفیسر نے کوکر ناگ سے تعلق رکھنے والے تین ڈیلی ویجروں کو پہلگام ٹرانسفر کرنے کے احکامات صادر کئے تو آفیسر موصوف کو سمجھانے کی کوشش کی گئی کہ غریب ڈیلی ویجر اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ پہلگام میں ڈیوٹی دے سکے۔انہوں نے کہاکہ کئی علاقوں کے سرپنچوں نے اسسٹنٹ فلوری کلچر آفیسر سے منت سماجت کی کہ ان ڈیلی ویجروں کے ساتھ کچھ نہ کیا جائے لیکن اس نے کہاکہ ہم انہیں نوکری سے برخواست کریں گے۔سرپنچ نے الزام لگایا کہ اسسٹنٹ فلوری کلچر آفیسر کوکر ناگ نے تین ڈیلی ویجروں کو خود سوزی کرنے پر مجبور کیا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ آفیسر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لا کر نوکری سے برخواست کیا جائے۔اس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کوکر نا گ شاہراہ پر دھرنا دیا اور اسسٹنٹ فلوری کلچر آفیسر کوکر ناگ کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ایس ڈی ایم ، تحصیلدار اور پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ جو بھی اس معاملے میں ملوث ہوگا اس کو بخشا نہیں جائے گا۔پولیس نے مظاہرین کو بتایا کہ اسسٹنٹ فلوری کلچر آفیسر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اوراس ضمن میں بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔