سری نگر،4 اگست(یو این آئی) جموں وکشمیر کے وسطی ضلع گاندربل کے چیر ونی کنگن علاقے میں درمیانی شب بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس وجہ سے چند رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی کنگن کے دور افتادہ علاقے چیر ونی کے اوپری پہاڑی پر بادل پھٹنے کی وجہ سے نہ صرف سیلابی صورتحال پیدا ہوئی بلکہ اوپر سے بھاری برکم پتھر بھی نیچے گر آئے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ بادل پھٹنے کی صدائیں گونجتے ہی لوگ گھروں سے باہر آئے اور محفوظ مقامات کی اور بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور بھاری برکم پتھر گر آنے کے نتیجے میں چند رہائشی مکانوں اور دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ان کے مطابق بادل پھٹنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، پولیس اور فوجی جوان جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
اس واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ کنگن میں پتھر گر آنے کے نتیجے میں سری نگر لہیہ شاہراہ کو فی الحال گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیاگیا ہے۔