مقامی لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ، انتظامیہ کی خاموشی مایوس کن
قیوم نظامی
کوٹرنکہ کوٹرنکہ سب ضلع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے متعدد سڑک رابطہ منقطع ہو گئے ہیں، اور عوام پریشانیوں سے دوچار ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹرنکہ سب ضلع میں موسلادھاربارشوں کی وجہ سے جہاں فصلوں کو نقصان ہورہاہے وہیں پسی آنے کی وجہ سے متعدد سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بندہوچکی ہیں۔ کنڈی تا کھاہ سڑک پر گزشتہ روز تین جگہ پر پسیاں آئیں جس کی وجہ سے گاڑیاں جمعرات کے روز آمدورفت نہیں کرپائیں اور پندرہ سے بیس کلو میٹر تک لوگوں نے مشکلات کاسامنا کرتے ہوئے پیدل سفر طے کیا ۔لوگوں نے لازوال کو بتایا کہ صبح ہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ سے گزارش کی تھی کہ سڑک بند ہے اس کو کھولا جائے لیکن شام دیر تک سڑک کو کھولا نہیں گیا لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر اتنے بڑے آفیسر کو گزارش کرنے کے بعد ہماری آواز کو نہیں سناگیا تو ایک چھوٹا ملازم عوام کی بات کہاں سنے گا ۔اس کے علاوہ بھی کئی سڑکوں پر پسیاں آئیں ہوئی ہیں لیکن انتظامیہ کی خاموشی مایوس کن ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ کوٹرنکہ سب ضلع کی اکثر سڑکوں کی حالت انتہائی بد سے بدتر ہے گاڑیوں کا چلنا بہت مشکل ہے ۔ اس سلسلہ میں لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اعجاز اسد سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے کہ جلد از جلد کہاہ سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بحال کیا جائے۔ اگر کسی مشکل وقت میں کسی مریض کو شہر کی طرف جانے کی ضرورت پڑگئی تو اس وقت کیا بندو بست کیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ سے لازوال نے رابطہ کیا تو، انہوں نے بغیر بات سنے ہی کال کاٹ دی۔