کہا اترپردیش ریلوے کی ترقی کے لیے مجموعی طور پر 92 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے
یواین آئی
لکھنؤ؍؍مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو نے بدھ کو کہا کہ آئندہ سال پریاگ راج میں ہونے والے مہا کمبھ کے موقع پر عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے بڑی تعداد میں اسپیشل ٹرین چلانے کے منصوبے پر ان کا محکمہ سنجیدگی سے غور و خوض کررہا ہے۔ویشنو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شمال سنٹرل، شمال مشرقی ریلوے کے سینئر افسران کی موجودگی میں صحافیوں کو بجٹ کے انتظامات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اترپردیش ریلوے کی ترقی کے لیے مجموعی طور پر 92 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2004 سے 2014 تک یو پی اے کے دور حکومت میں اتر پردیش میں ریلوے کی ترقی کے لیے 1109 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، جسے وزیر اعظم نریندر مودی کے دور میں بڑھا کر 19 ہزار 848 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، جو کہ گزشتہ حکومت کے مقابلے میں 18 گنا زیادہ ہے۔
وشنو نے کہا کہ 40 سے زیادہ پروجیکٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کمبھ آسانی سے چلے اور عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پریاگ راج کے ریلوے اسٹیشن کو مختلف مراحل میں دوبارہ تیار کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ خود کمبھ کی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں، کہیں کوئی کمی نہ رہ جائے اس کے لئے عوامی نمائندوں سے رائے لی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اترپردیش میں گزشتہ 10 سالوں میں 4900 کلومیٹر ریلوے ٹریک بچھایا گیا ہے جو کہ پورے سوئٹزرلینڈ میں ریلوے ٹریک کی لمبائی سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے تمام ریلوے ٹریکس/روٹس کو 100 فیصد برقی کر دیا گیا ہے۔