سری نگر، وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں موسم کی پہلی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے جہاں ایک طرف خشک موسم کا ایک طویل سلسلہ ٹوٹ گیا وہیں گرمی کا زور بھی کم ہوا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ، ضلع گاندربل کے بالائی علاقوں، ضلع بانڈی پورہ کے رازدان ٹاپ، سادھنا ٹاپ، کلشی وادی گریز میں موسم کی پہلی برف باری ہوئی جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 26 ستمبر کو کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 27 اور 28 ستمبر کو موسم مجموعی طور خشک رہ سکتا ہے اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ متوقع پے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد 29 اور 30 ستمبر کو کئی جگہوں پر ایک بار پھر بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاہم اگلے ہفتے کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں ہا برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
موصوف ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 18.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 5.2 ملی میٹر، پہلگام میں 17.9 ملی میٹر اور کپوارہ میں3.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ، پہلگام میں 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپوارہ میں 10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر وادی میں برف و باراں کے ساتھ موسم سرد ہوا ہے اور لوگ قدرے گرم ملبوسات زیب تن کرنے لگے ہیں۔