جگٹی کیمپ نگروٹہ میں مصنوعی فٹ بال ٹرف کا سنگ بنیاد رکھا
کہافیفا سٹینڈرڈز کے مطابق تیار کی جانے والی جدید ترین کھیلوں کی سہولیت یونین ٹیریٹری میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے ہمارے عزم اور لگن کو ظاہر کرتی ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے آج نگروٹہ کے جگتی کیمپ میں مصنوعی فٹ بال ٹرف کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پراُنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں اور فٹ باٹ شائقین کو مُبارک باد دی۔یہ مصنوعی فٹ بال ٹرف 5.75 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا جس میں جی پلس پویلین شامل ہوگااور تقریباً 600 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش، چینج روم اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ کشمیری پنڈت کمیونٹی کی حصولیابیاں میرے دل باعثِ اِفتخارہیں۔ میں جگتی میں کھیلوں کے اِس اہم پروجیکٹ کو اس کمیونٹی کے نوجوانوں اور قوم کی تعمیر میں ان کے زبردست تعاون کے لئے وقف کرتا ہوں۔‘‘اُنہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کشمیری مائیگرنٹ کنبوں کی فلاح و بہبود کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے اور یہ جموں کشمیر کے عبوری بجٹ میں بھی ظاہر ہوتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں کشمیری پنڈت کمیونٹی کی نمائندگی کو بااِختیار بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’میں کشمیری پنڈت کمیونٹی کے نوجوانوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ مختلف شعبوں میں لامحدود مواقع سے فائدہ اُٹھائیں اور وِکست بھارت کے مقصد کو پورا کریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ فیفا سٹینڈڈز کے مطابق تیار کی جانے والی جدید ترین کھیل سہولیت جموںوکشمیر یوٹی میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے یو ٹی اِنتظامیہ کے عزم اور لگن کو ظاہر کرتی ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ رواں مالی برس میں جگتی میں تمام سہولیات کے ساتھ اِنڈور سٹیڈیم، آؤٹ ڈور جِم اور کرکٹ سٹیڈیم تیار کیا جائے گاجب کہ بیڈمنٹن اور والی بال کورٹ کی سہولیات کے لئے 30 لاکھ روپے پہلے ہی مختص کئے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے 2019 ء کے بعد جموں و کشمیر میں کھیلوں کا اِنقلاب لانے والے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے اِنتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے کھیلوں کے 702 منصوبے مکمل کئے ہیں۔ تقریباً ہر ضلع میں کثیر المقاصد اِنڈور سپورٹس ہال تعمیر اورہر پنچایت میں کھیل کے میدان تیار کئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ جموں اور سری نگر میں بین الاقوامی سطح کے کھیل سہولیات تیار کی جا رہی ہیں۔ جموں و کشمیر دونوںصوبوں میں کینوئنگ، روئنگ اور فینسنگ میں سینٹر آف ایکسی لینس قائم کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ متعدد سٹیڈیموں میں فلڈ لائٹنگ اور مصنوعی ٹرفنگ لگائی جارہی ہے۔اُنہوں نے یو ٹی اِنتظامیہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں اور مختلف شعبوں میں کاروباری نوجوانوں کو ضروری مدد فراہم کرے گی۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ خصوصی کیمپ کے دوران شناخت کئے گئے 1,049 نوجوانوں کو مالی امداد اس برس فروری کے آخیر تک فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے ریلیف کمشنر اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ خود روزگار کے منصوبوں میں دلچسپی رکھنے والے مزید نوجوانوں کو سہولیت فراہم کریں اور مدد کے لئے پہلے سے منتخب اُمیدواروں میں ان کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے بڑے مواقع پیدا کرنے میں قائدانہ کردار اَدا کریں اور اُنہیں ان کی کوششوں میں اِنتظامیہ کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دِلایا۔
اُنہوں نے آنے والے دِنوں میں کشمیری مائیگرنٹ کے لئے خصوصی شکایت کیمپ کا دوسرامرحلہ منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ منظور شدہ یاتری نواس پر کام جلد ہی شروع ہوجائے گا جس سے ماتا کھیر بھوانی میلے کے دوران عقیدت مندوں کے لئے سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیرراجیو رائے بھٹناگر، سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن کمار واشیا،ریلیف اینڈ ری ہیبلیٹیشن کمشنر ( مائیگرنٹس) ڈاکٹر اروند کاروانی، سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل محترمہ نزہت گل،سینئر اَفسران ، معزز شہریوں ، کھلاڑیوں او رعوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔