کشمیری عوام ہر سطح پر عدم تحفظ کے شکار، غربت اور افلاس کی طرف بھی دھکیلا جارہا ہے: نیشنل کانفرنس

0
0

یواین آئی

سری نگر؍؍نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ اہلیان جموں وکشمیر اس وقت ایک بدترین غیر یقینیت ، سیاہ کن اور مخدوش دور سے گزر رہے ہیں۔ عوام ہر سطح پر عدم تحفظ کے شکار ہیں۔ 90کی دہائی کی طرح جنوبی کشمیر میں بنکروں اور کیمپوں کا جال بچھایا جارہاہے، گویا جنگ کا سماں ہے۔ کشمیری عوام معاشی اور اقتصادی بدحالی کے شکار ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی اور انتظامی انتشار و خلفشار سے مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کشمیری عوام کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت غربت اور افلاس کی طرف دھکیلا جارہا ہے جبکہ حق کی آواز طاقت کے بلبوتے پر دبائی جارہی ہے ۔ ان باتوں کا اظہار این سی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے جمعرات کو یہاں نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ این سی ترجمان کے مطابق مذکورہ اجلاس میں مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی 35ویں برسی کے سلسلے میں پروگراموں کے بارے میں غور و خوض کیا گیا اور 8ستمبر کے دن ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں پروگراموں حتمی شکل دی گئی۔ مسٹر ساگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ موجودہ بدترین صورتحال کی ذمہ دار پی ڈی پی اور بھاجپا کا بقول اُن کے ناپاک اتحاد ہے، جو کشمیریوں کے منڈیٹ کے عین برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے کشمیریوں کے مفادات اور احساسات کا سودا کیا، جس کی بدترین مثال جی ایس ٹی سمیت کئی مرکز قوانین ریاست میں لاگو کرنا ہے۔ این سی جنرل سکریٹری نے کہا کہ اب دفعہ 35 اے کا خاتمہ کرکے ریاست کی پہچان اور انفرادیت کو پارہ پارہ کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ یہ سب اس لئے ہورہا ہے کیونکہ پی ڈی پی نے حکومت میں آکر ان سارے منصوبوں اور سازشوں کے لئے دوازے کھول دیے۔اس موقعے پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے 8ستمبر کی تقریب کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ جو اہل کشمیر محسن اور غمخوار رہنما رہے تھے اور جن کی عظیم قربانیوں اور لیڈرشپ کی بدولت ہی کشمیری عوام عزت نفس ، خوداعتمادی اور خدا اعتمادی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی بدولت ہی ریاست کے تینوں خطوں میں عوامی سرکار کا وجود عمل میں لایا گیا اور اسی مرد آہن کے تاریخی اور انقلابی اقدامات کی بدولت ہمیں پریس پلیٹ فارم کی آزادی، ووٹ پرچی کا حق، عدلیہ کا انصاف، زمین پر مالکانہ حقوق، مفت تعلیم اور ناخواندگی کا خاتمہ بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جمعتہ المبارک کے پیش نظر تقریب کا آغاز صبح صادق ہی ہوگا اور حسب قدیم شیر کشمیر ریڈینگ روم میں قرآن خوانی انجام دی جائے گی اس کے بعد زعمائے نیشنل کانفرنس قائد کے مرقد پر گلباری اور فاتحہ خوانی انجام دیں گے۔ اس موقعے پر پارٹی کی سینئر لیڈر شمیمہ فردوس (ایم ایل اے حبہ کدل) ، وسطی زون کے صدر علی محمد ڈار(ایم ایل سی) اور سینئر نائب صدر حاجی محمد سعید آخون نے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی زندگی کے مختلف گوشوں اور مرحوم کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقعے پر ضلع صدر سری نگر جڈی بل پیرآفاق احمد، جوائنٹ صوبائی سکریٹری غلام نبی بٹ، صدرِ صوبہ یوتھ سلمان علی ساگر، اقلیتی سیل کے چیئرمین جگدیش سنگھ آزاد، پارٹی لیڈر مشتاق احمد گوروکے علاوہ ضلع صدور موجودتھے۔ اس کے علاوہ صوبائی صدر نے جموں اور لداخ میں بھی تقاریب کے سلسلے میں کی گئی تیاریوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا