ایک بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار، 6.35 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ کشتواڑ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے گرودوارہ چوک، ہڑیال کشتواڑ کے قریب سے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے 6.35 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا۔ سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ پولیس کی ٹیم کو سابقہ تحقیقات سے مخصوص معلومات ملیں اور اسی کے مطابق انسپکٹر عابد بخاری اسٹیشن ہاؤس آفیسر پولیس تھانہ کشتواڑ کی سربراہی میں ایک خصوصی ناکہ سب انسپکٹر وکرم چودھری کی مدد سے ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر ڈاکٹر ایشان گپتا کی نگرانی میں گرودوارہ چوک، ہڑیال کشتواڑ میں قائم کیا۔ قائم کردہ ناکہ کے دوران گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی لی گئی اور پولیس ٹیم نے ایک راہگیر کی مشکوک حرکت دیکھی جس نے پولیس کی موجودگی کو دیکھ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس ٹیم کے اہلکاروں نے بڑی تدبیر سے اسے قابو کر لیا۔ اس کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 6.35 گرام وزنی ہیروئن (چٹا) جیسا مادہ برآمد کیا اور اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار شخص کی شناخت مومن کمل ولد اصغر علی کمل ساکنہ کمل محلہ کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے کہا کہ کشتواڑ پولیس معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے لوگوں کو خاص طور پر نوجوانوں کو بیدار کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام درخواست کرتے ہوئے کہا منشیات فروشی کے بارے میں معلومات کشتواڑ پولیس کو فراہم کریں تاکہ منشیات فروشوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جائے اور سماج کو منشیات سے پاک بنایا جائے۔