ممبر شپ مہم اور عوامی مسائل پر غوروخوض
لازوال ڈیسک
کشتواڑ؍؍اپنی پارٹی کی کشتواڑ میں ممبر شپ مہم جاری ہے جس دوران عوام کی طرف سے زبردست رد عمل دیکھنے کو ملا ہے۔ عام لوگ اپنی پارٹی کی پالیسی اور ایجنڈے پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ضلع ہیڈکوارٹر پر مسود مٹو کی قیادت میں اپنی پارٹی لیڈران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت صوبائی سیکریٹری اور ممبر شپ انچارج ڈاکٹر روہت گپتانے کی۔، ریاستی سیکریٹری اپنی پارٹی مہندر پریہار اور نائب صدراپنی ٹریڈ یونین شیخ عبدالطیف ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔دوران ِ اجلاس ضلع کمیٹی ممبران نے پارٹی سیکریٹری کو پہاڑی ضلع کشتواڑ میں زمینی سطح پر لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل، ممبر شپ مہم بارے تفصیلی جانکاری دی اور بتایاکہ لوگوں سے بھر پور تعاون اْنہیں مل رہا ہے۔ اس موقع پر بولتے ہوئے ڈاکٹر روہت گپتا نے پارٹی عہدیداران سے کہاکہ وہ ممبر شپ مہم میں تیزی لائیں۔ لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور اْنہیں پارٹی کی پالیسی اور ایجنڈے سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کا مقصد دونوں خطوں میں امن اور خوشحالی لانا ہے۔اس دوران ریاستی سیکریٹری مہندر پریہار نے بھی خطاب کیا اور ضلع کے اندر لوگوں کو درپیش مسائل ومشکلات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایاکہ پہاڑی علاقوں میں ترقی کا فقدان ہے، بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان پریشان ہیں، طبی وتعلیمی شعبے انتظامی عدم توجہی کا شکار ہیں۔ پریس بیان کے مطابق اس سے متعدد افراد نے الطاف بخاری کی قیادت پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے بڑی تعداد میں افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔