مقامی لوگوں نے کشتواڑ کے دور دراز علاقوں میں انڈین آرمی کے کردار کو سراہا
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ امن کو فروغ دینے و وادی چناب کے تینوں اضلاع ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن کے علاقے میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے، کھیلو انڈیا پہل کے سلسلے میں انڈین آرمی نے ضلع کشتواڑ کے سب ڈویڑن چھاترو میں چناب ویلی کراس کنٹری ریس کا انعقاد کیا۔ ضلع کشتواڑ میں اس پروگرام کو منعقد کرنے کا مقصد کھیلوں کے جذبے کو ابھارنا اور اسے مزید فروغ دینا، طلباء کی صلاحیتوں کی شناخت اور فروغ دینا تھا۔ کراس کنٹری ریس کے دوران پروگرام میں تین قسم کی ریس کا انعقاد کیا گیا۔ بارہ کلومیٹر کراس کنٹری ریس میں ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن اضلاع کی کل پانچ ٹیموں نے حصہ لیا۔حصہ لینے سے لے کر دوڑ کے اختتام تک نوجوانوں کا مسابقتی جذبہ، جوش اور ولولہ قابل تعریف رہا۔ تمام شرکائ کو تمغوں، اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔ رامبن ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بھنڈار کٹ ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور ڈول ٹیم نے پانچ ٹیموں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ رن فار یونٹی کا انعقاد لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو اتھلیٹکس اور کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینا تھا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو فروغ ملے۔ یہ پندرہ سال سے زائد عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے منعقد کیا گیا۔ دوڑ کے دوران نوجوانوں نے جوش اور جذبے کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر تین سو نوجوانوں نے دوڑ میں حصہ لیا جن میں سو کے قریب لڑکیاں اور دو سو سے زائد لڑکے شامل تھے۔ لڑکوں، لڑکیوں و سابقہ انڈین آرمی کے اہلکاروں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو تمغوں، میرٹ اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔لڑکیوں کے زمرے میں دربیل چاس کی نیہا کماری، دربیل چاس کی سمرن کماری اور مغل میدان کی آبرو جان فاتح رہیں۔ جبکہ لڑکوں کے زمرے میں راہلتھل چاس کے محمد حنیف، پاسرکوٹ چھاترو کے منظور احمد اور ملکنار چھاترو کے نعیم احمد فاتح رہے۔ اس کے علاوہ سابقہ آرمی اہلکاروں کے زمرے میں رن فار فن کا انعقاد کیا گیا جس میں متہ کشتواڑ کے نیرج کمار نے پہلی پوزیشن حاصل کی، متہ کشتواڑ کے انیل کمار نے دوسری اور متہ، کشتواڑ کے شیویندر سنگھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کمانڈنگ آفیسر 11RR نے کراس کنٹری ریس کا افتتاح سب ڈویڑن مجسٹریٹ چھاترو شوکت حیات متو، انسپکٹر پرویز کھانڈے ایس ایچ او چھاترو، عوامی نمائدے، اسکولی طلباء اور علاقے کے دیگر لوگوں کی موجودگی میں کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ڈی ایم چھاترو نے کہا کہ یہ پروگرام انڈین آرمی کی جانب سے طلباء کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں بالخصوص طلباء کی توانائی کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی کو بڑھانے اور انہیں منشیات کے استعمال سے دور رکھنے کے لیے انڈین آرمی، سیول انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چھاترو میں انڈین آرمی خاص طور پر 11RR دور افتادہ علاقے کے طلباء کے لئے باقاعدگی سے مختلف پروگرام منعقد کرتی ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے تاکہ وہ دیگر سطحوں پر اس قسم کے پروگراموں میں شرکت کر سکیں۔