شیخ ناصر صدر، سبھاش شرما نائب صدر اور سعید عارف حسین جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍ضلع بار ایسوسی ایشن کشتواڑ کے انتخابات منگل کے روز ضلع کورٹ کمپلیکس کشتواڑ میں منعقد ہوئے جس میں تقریباً 80 فیصد ممبران نے مختلف اْمیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالے جو پانچ مختلف عہدوں کے لیے انتخاب لڑ رہے تھے۔ پولنگ کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوا اور تقریباً دوپہر دو بجے پر اختتام پذیر ہوئی۔
محمد حسین وازہ ایڈووکیٹ اور وکاس کانت شرما ایڈووکیٹ پر مشتمل ایسوسی ایشن کی طرف سے نامزد کردہ بار الیکشن کمیٹی نے الیکشن کرایا۔ صدر کے عہدے کے لیے ایڈوکیٹ شیخ ناصر حسین اور ایڈوکیٹ خورشید احمد دیو جبکہ نائب صدر کے عہدے کے لیے سبھاش چندر شرما اور محمد اظہر شاہ کے درمیان مقابلہ تھا۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لیے سعید عارف حسین اور توقیر مشتاق میدان میں تھے۔ ٹھاکر سمن بھنڈاری اور ونے شان جوائنٹ سکریٹری کے عہدے کے لیے مقابلہ کررہے تھے جب کہ اتْل شرما اور امیس احمد میر خزانچی کے عہدے کے لیے مقابلہ کررہے تھے۔
ویڈیو گرافی کے تحت کی گئی گنتی کے بعد ایڈوکیٹ شیخ ناصر کو فاتح قرار دیا گیا اور صدر کے عہدے کے لیے منتخب ہوئے اور سبھاش شرما نے نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخاب جیت لیا۔ سعید عارف حسین کو جنرل سکریٹری، ٹھاکر سمن بھنڈاری کو جوائنٹ سکریٹری اور اتْل شرما کو خزانچی منتخب کیا گیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر ایڈوکیٹ شیخ ناصر حسین نے بار کے تمام ممبران کا اْن کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ ان کی توقعات پر پورا اْترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے تمام سینئر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وکلاء برادری کی خدمت کا موقع دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عہدیداروں کی نومنتخب ٹیم وکلاء کے وقار، بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے سینئر وکلاء کی مشاورت سے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرے گی۔