نئی دہلی،// اسٹار ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں کرن جارج، اکرشی کشیپ اور مالویکا بنسوڑمنگل سے جرمنی کے ساربروکن میں شروع ہونے والے ہائلو اوپن 2023 میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے۔
ہائلو اوپن 2023 سارلینڈہالے انڈور ایرینا کے بیڈمنٹن کورٹس پر کھیلا جائے گا۔ بی ڈبلیو ایف سپر 300 ایونٹ، ہائلو اوپن 2023 کے نتائج پیرس 2024 اولمپکس کے لیے کوالیفائنگ رینکنگ میں بھی شمار ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی وی سندھو گزشتہ ہفتے فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہو گئی تھیں۔ جس کی وجہ سے وہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے رہی ہیں۔ ہندوستان کی دوسری بہترین رینک والی خاتون شٹلر آکرشی کشیپ، جو دنیا میں 38 ویں نمبر پر ہیں اور بیڈمنٹن رینکنگ میں 50 ویں نمبر کی مالویکا بنسوڑ خواتین کے سنگلز مقابلے میں حصہ لیں گی۔
ورلڈ چیمپیئن شپ کے تمغہ یافتہ ایچ ایس پرنائے، لکشیا سین اور کدامبی سری کانت کے حصہ نہ لینے کی وجہ سے عالمی نمبر 35 کرن جارج کے پاس مردوں کے سنگلز کی ذمہ داری ہوگی۔ کرن جارج اس ماہ کے شروع میں ابوظہبی ماسٹرز کے سیمی فائنل میں پہنچے اور ستمبر میں انڈونیشیا ماسٹرز بی ڈبلیو ایف سپر 100 کا افتتاحی ایونٹ جیتا تھا۔
تجربہ کار اشونی پونپا اور تنیشا کرسٹو خواتین کے ڈبلز میں مقابلہ کریں گی۔ اشونی پونپا-تنیشا کرسٹو نے اس ماہ کے شروع میں ابوظہبی ماسٹرز میں جوڑی کے طور پر اپنا پہلا بی ڈبلیو ایف خطاب جیتا تھا۔
تنیشا کرسٹو بھی مکسڈ ڈبلز میں سائی پرتیک کے ساتھ کورٹ جائیں گی۔ مردوں کے ڈبلز میں کسی ہندوستانی جوڑی نے حصہ نہیں لیا۔